ایف بی آر کی جانب سے چائنہ سے درآمد ہونے والے کنٹینروں پر ٹیکس ڈیوٹی 15 لاکھ سے بڑھا کر 40 لاکھ روپے کر دی گئی ، تاجر پریشان

جمعرات 17 نومبر 2016 16:58

سرگودھا(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 17 نومبر2016ء) ایف بی آر کی جانب سے چائنہ سے درآمد ہونے والے کنٹینروں پر ٹیکس ڈیوٹی 15 لاکھ سے بڑھا کر 40 لاکھ روپے کر دی گئی ہے، تاجر پریشان ہو کر رہ گئے ہیں، تفصیلات کے مطابق جشن عید میلاد النبیؐ کے موقع پر سرگودھا سمیت ملک بھر میں لوگ اپنے گھروں کی تزئین و آرائش کرتے ہیں، جس کے باعث تزئین و آرائش کی مانگ میں اضافہ ہو جاتا ہے جس کے پیش نظر تاجر جشن عید میلاد النبیؐ سے قبل ہی تزئین و آرائش کا سامان منگواتے ہیں، لیکن ایف بی آر کی جانب سے آنے والے کنٹینروں پر اب 15 لاکھ کی بجائے 40 لاکھ روپے تک ٹیکس بڑھا دیا ہے، جس کے باعث تاجر شدید پریشانی میں مبتلاء ہو کر رہ گیا ہے، تاجروں کا کہنا ہے کہ 12 نومبر سے قبل تمام کنٹینر جو سی پورٹ پر کھڑے تھے، پچھلے ٹیکسوں پر ہی کلیئر کیا گیا ہے اور ان کنٹینروں کو بھی پہلے والے ٹیکسوں پر کلیئر کیے جائیں، ایف بی آر کی جانب سے بڑھائے جانے والے ٹیکس کے باعث تاجر برادری میں شدید اضطراب پایا جا رہا ہے جبکہ تاجر تنظیمیں اس ضمن میں غور و فکر کر رہی ہیں۔

۔

متعلقہ عنوان :