پنجا ب ، پبلک پرائیویٹ پارٹنر شپ کے تحت سکولوں کو چلانے کیلئے علیحدہ اتھارٹی کے قیام کا فیصلہ

جمعرات 17 نومبر 2016 16:53

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 17 نومبر2016ء) مسلم لیگ ن کے رکن پنجاب اسمبلی میاں عرفان دولتانہ نے کہا ہے کہ پبلک پرائیویٹ پارٹنر شپ کے تحت سکولوں کو چلانے کیلئے علیحدہ اتھارٹی کے قیام کا فیصلہ کیا گیایہ اتھارٹی پبلک پرائیویٹ پارٹنر شپ کے تحت چلائے جانے والے سکولوں کے امور دیکھے گی سکولوں میں بہتری لانے کے حوالے سے عوام کوآگاہ کرنے کیلئے ہاٹ لائن پائلٹ پراجیکٹ کا آغاز کردیا گیا ہے۔

ابتدائی طورپر یہ منصوبہ بہاولپور اورلاہور میں شروع کیاگیا ہے۔ منصوبے کی کامیابی کے بعد اسے پنجاب بھر میں متعارف کرایا جائے گا۔انہوںنے کہاکہ پنجاب ایجوکیشن سٹینڈر ڈویلپمنٹ اتھارٹی کے قیام سے اساتذہ کی تدریسی صلاحیت اورقابلیت بڑھانے میں مدد ملے گی۔اچھی کارکردگی پر اساتذہ کو انعامات بھی دئیے جائیں گے جبکہ خراب کارکردگی دکھانے والے اساتذہ کی بازپرس ہوگی۔

(جاری ہے)

انہوںنے کہا کہ تعلیم کا فروغ ہماری پہلی ترجیح ہے اوراس مقصد کیلئے ہر طرح کے وسائل حاضر ہیں۔انہوںنے کہا کہ2018ء تک سکولوں میں36302 اضافی کلاس روم بنانے کا پلان بنایا گیاہے۔خادم پنجاب سکولز پروگرام کے تحت سکولوں میں اضافی کلاس روم بنائے جارہے ہیں ۔اجلاس میں 1350اسسٹنٹ ایجوکیشنل آفیسر زکی بھرتی کی منظوری دی گئی۔ چیف منسٹرز سکول ریفارمز روڈ میپ پرپیش رفت اطمینان بخش ہے ۔پنجاب حکومت نے سکول ریفارمز روڈ میپ پر عملدرآمد کے حوالے سے شاندار اقدامات کیے ہیں ۔ انہوںنے کہا کہ سکول ریفامز روڈ میپ پر عملدر آمد سے صوبے میں معیاری تعلیم کے فروغ پر مثبت اثرات مرتب ہورہے ہیں ۔ایک برس کے دوران تعلیم کے اصلاحاتی پروگرام کو انتہائی تیزرفتاری سے آگے بڑھاگیاہے۔