باکسنگ کے عروج کیلئے ملک بھر میں اکیڈمیاں بنانا ہونگی، ضیغم مثیل
تازہ ترین : 1

باکسنگ کے عروج کیلئے ملک بھر میں اکیڈمیاں بنانا ہونگی، ضیغم مثیل

لاہور۔17 نومبر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 17 نومبر2016ء) باکسنگ کے کھیل کوعروج دینے کیلئے کراچی کے معروف علاقے لیاری سمیت ملک بھر میں جدید طرز کی باکسنگ اکیڈمیاں بنانا ہونگی، باکسنگ کا کھیل تسلسل کے ساتھ سخت محنت اور تربیت کا تقاضہ کرتا ہے اس کھیل میں لاپرواہی کی کوئی گنجائش نہیں ہے۔ ان خیالات کا اظہار سارک گیمز میں تین مرتبہ گولڈ میڈل جیتنے والے معروف پاکستانی باکسر ضیغم مثیل نے پنجاب سٹیڈیم میں صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔

انہوں نے کہا کہ نوجوان نسل کو منشیات کی لعنت سمیت دیگر سماجی برائیوں سے بچانے کیلئے باکسنگ سمیت دیگر کھیلوں کی جانب راغب کرنا ہوگا، اس کیلئے ملک بھر میں سپورٹس جمنیزیم جبکہ سکول ،کالج اور یونیورسٹی کی سطح پر اکیڈمیاں بنانے کی ضرورت ہے ۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان میں باکسنگ سمیت دیگر کھیلوں کا بے پناہ ٹیلنٹ موجود ہے، کھیل کے میدانوں میں پاکستان کا پرچم بلند کرنے کیلئے بنیادی انفراسٹرکچر کی بحالی کیلئے اقدامات کرنے کی ضرورت ہے۔

انہوں نے کہا کہ نوجوان کھلاڑیوں کو پروفیشنل کوچز کی زیرنگرانی جدید معیار کی سہولیات فراہم کرکے گروم کرنا ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ بین الاقوامی مقابلوں میں میڈلز کے حصول کو یقینی بنانے کیلئے کھلاڑیوں کی سلیکشن صرف میرٹ پر کرنے کو فروغ دینا ہوگا۔
وقت اشاعت : 17/11/2016 - 16:08:38

اپنی رائے کا اظہار کریں