مچھلی کی فروخت میں اضافہ ، انواع و اقسام کی تلی ہوئی مچھلی کی دکانیں سج گئیں

جمعرات 17 نومبر 2016 15:15

مچھلی کی فروخت میں اضافہ ، انواع و اقسام کی تلی ہوئی مچھلی کی دکانیں ..
اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 17 نومبر2016ء) سردی کی آمد کے ساتھ جڑواں شہروں راولپنڈی اسلام آباد میں مچھلی کی فروخت میں اضافہ ہو گیا، تجارتی مراکز میں انواع و اقسام کی تلی ہوئی مچھلی کی دکانیں سج گئیں۔

(جاری ہے)

سردی کی شدت بڑھنے کے ساتھ ہی مچھلی کا استعمال بڑھ جاتا ہے اور گلی محلہ میں تازہ مچھلی فروخت کرنے والوں کی صدائیں سنائی دیتی ہیں اور راولپنڈی کے شہریوں کے لئے مچھلی کی ضروریات کو پورا کرنے کیلئے خان پور ڈیم بڑا ذریعہ ہوتا ہے جہاں مچھلی کے شکار کے ساتھ ساتھ مچھلی کے بیوپاری بھی مچھلی کی خرید و فروخت کرتے دکھائی دیتے ہیں جبکہ راولپنڈی اسلام آباد میں دریائی مچھلی کی زیادہ ضروریات اسی ڈیم سے پوری کی جاتی ہیں جبکہ منگلا ڈیم، تربیلا ڈیم سے بھی مچھلی لائی جاتی ہے اور عام شوقین راول ڈیم سے بھی شکار کرتے ہیں۔

موسم کی شدت کے ساتھ تازہ اور تلی ہوئی مچھلی کا کاروبار بھی عروج پر ہوتا ہے۔ جڑواں شہروں کے تجارتی مراکز، ہوٹلوں اور فوڈ پارکس میں تلی ہوئی مچھلی کی نت نئی اقسام فروخت ہوتی ہیں اور لوگ اہلخانہ کے ہمراہ تلی ہوئی مچھلی کے سٹالوں پر خریداری کرتے اور فوڈ پارکس میں بیٹھ کر کھاتے دکھائی دیتے ہیں۔