24نمبر کو کچھ بھی ہوجائے ہم سردار عتیق کی قیادت میں خونی لکیر پیروں تلے روند دیں گے، رضوان عباسی

جمعرات 17 نومبر 2016 15:02

اسلام گڑھ(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 17 نومبر2016ء)آل جموں و کشمیرمسلم کانفرنس کے مرکزی رہنما رضوان الیاس عباسی نے کہا ہے کہ 24نومبر کو کچھ بھی ہوجائے ہم قائد کشمیر سردار عتیق احمد خان کی قیادت میں خونی لکیر پیروں تلے روند دیں گے،مسلم کانفرنس نے ہر دور میں تحریک آزادی کشمیر کو تقویت دینے کیلئے بے پناہ قربانیاں دیں اور دن رات کام کیا، 24نومبر کو سیز فائر لائن کو عبور کر کے کشمیری قوم سے بھرپور انداز میں اظہار یکجہتی اور موثر احتجاج کے ذریعے مسئلہ کشمیر کو بین الاقوامی سطح پر اجاگر کریں گے ، کشمیر کو تقسیم کرنے والی کسی بھی لکیر کو نہیں مانتے جس سے کشمیریوں کا تشخص مجروع ہوتا ہو بھارت مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں پر پردہ ڈالنے کیلئے پروپیگنڈا کر رہا ہے۔

(جاری ہے)

ان خیالات کااظہار انہوںنے صحافیوں سے بات چیت کرتے ہوئے کیا۔ رضوان الیاس عباسی نے مزید کہا کہ 24نومبر کو آزاد خطہ کا ہر شہری اپنے کشمیری بہن بھائیوں سے اطہار یکجہتی کیلئے گھروں سے باہر نکل کر اس لیکر کو ہمیشہ کیلئے ختم کر دے جس نے کشمیریوں کو آپس میں تقسیم کر رکھا ہے جب تک کشمیری کی آزادی نوشتہ دیوار نہیں ہو جاتی اس وقت تک اپنا کردارادا کرتے رہیں گے ۔

انہوں نے کہا کہ 24نومبر تحریک آزادی کشمیر کا انجام ہے انشاء اللہ صدر جماعت آل جموں وکشمیر مسلم کانفرنس سردار عتیق احمدخان کی ولولہ انگیز قیادت میں سیز فائر لائن کو عبور کر کے مقبوضہ جموں وکشمیر کے بھائیوں سے جا ملیں گے ۔ انہوںنے کہا کہ آل جموں وکشمیر مسلم کانفرنس کا مقصد صرف اور صرف کشمیریوں کو آزاد سے ہمکنار کروانا ہے اور یہی وجہ ہے کہ مسلم کانفرنس گزشتہ ستر سالوں سے کشمیریوں کی آزادی کیلئے اپنی جدوجہد کر رہی ہے جب تک کشمیریوں کو آزادی کی شمع سے روشناس نہیں کروا دیتے اس وقت تک چین سے نہیں بیٹھیں گے ۔