وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا پرویز خٹک کا صوبے میں چینی سرمایہ کاروں کا خیر مقدم

جمعرات 17 نومبر 2016 14:00

وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا پرویز خٹک کا صوبے میں چینی سرمایہ کاروں کا ..
پشاور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 17 نومبر2016ء) وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا پرویز خٹک نے صوبے میں چینی سرمایہ کاروں کا خیر مقدم کرتے ہوئے یقین دلایا ہے کہ صوبائی حکومت صوبے میں چینی سرمایہ کاروں کو ہر ممکن سہولت فراہم کریگی۔وہ چینی سرمایہ کاروں کے وفد سے گفتگو کررہے تھے چینی سرمایہ کاروں نے اس موقع پر چین کے نجی شعبے کی جانب سے صوبے میں سرمایہ کاری کیلئے مختلف منصوبوں میں سرمایہ کاری کی پیش کش کی۔

وفد نے وزیرعلیٰ خیبر پختونخواکو بتایا کہ چینی سرمایہ کار پاک چین اقتصادی راہداری کے تناظر میں صوبے کے مختلف حصوں میں سرمایہ کاری کرنا چاہتے ہیں۔ وزیراعلیٰ نے وفد کو بتایا کہ صوبائی حکومت پہلے ہی مراعات اور سہولتیں سرمایہ کاروں کو پیش کر چکی ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ صوبائی حکومت نے صوبے میں صنعتی ترقی کیلئے عملی اقدامات اٹھائے ہیں اور صوبے میں موجود خام مال کے حوالے سے صنعتی ترقی کیلئے منصوبہ بندی کی ہے۔

وزیراعلیٰ نے بتایا کہ صوبائی حکومت نے سرمایہ کاری کیلئے مراعات کا ایک شاندار پیکج تیار کیا ہے جس میں سرمایہ کاروں کیلئے بے پناہ سہولتیں اور مراعات موجود ہیں۔وزیراعلیٰ نے کہاکہ صوبائی حکومت صوبے میں سرمایہ کاروں کو پرکشش مراعات دے رہی ہے سرمایہ کاروں کی سہولت کیلئے ون ونڈوآپریشن کا آغاز کرچکے ہیں ۔انہوں نے کہاکہ خیبرپختونخوا سی پیک کے تناظر میں بھی اہم ترین خطہ ہے کیونکہ یہ پورے خطے کو مربوط کرتا ہے ،مستقبل میں خیبرپختونخوا کمرشل اور تجارتی سرگرمیوں کا مرکز ہو گا،یہ پورے خطے کو فیڈ کرتا ہے یہی وجہ ہے کہ ہم صوبے میں انڈسٹریل زونز کو ترقی دے رہے ہیں ،دیگر سہولیات کے ساتھ ساتھ انڈسٹریل زونز میں ہی گیس سے بجلی پیدا کرکے فراہم کی جائے گی ،سرمایہ کاروں کو ون ونڈ و آپریشن کے ذریعے تمام سہولیات ایک ہی جگہ با آسانی دستیاب ہوں گی۔

متعلقہ عنوان :