میانمار آپریشن ،ْہزاروں روہنگیا مسلمان بنگلہ دیش نقل مکانی کر گئے ،ْ بنگلہ دیشی سرحد پر سکیورٹی سخت کر دی گئی

فوج سے جھڑپوں میں سیکڑوں مبینہ روہنگیا عسکریت پسندوں کو ہلاک کرنے کا دعویٰ حالیہ کشیدگی کے دوران 130 سے زائد افراد ہلاک ہوچکے ہیں ،ْمیانمار فوج نے تصدیق کر دی

جمعرات 17 نومبر 2016 13:18

میانمار آپریشن ،ْہزاروں روہنگیا مسلمان بنگلہ دیش نقل مکانی کر گئے ..
ینگون/ڈھاکہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 17 نومبر2016ء) میانمار کے مغربی علاقوں میں جاری فوجی آپریشن کے باعث ہزارو روہنگیا مسلمان بنگلہ دیش نقل مکانی کرگئے ،ْ فوج سے جھڑپوں میں سیکڑوں مبینہ روہنگیا عسکریت پسندوں کو ہلاک کرنے کا دعویٰ بھی کیا گیا ہے۔برطانوی میڈیا کے مطابق میانمار فوج نے تصدیق کی ہے کہ حالیہ کشیدگی کے دوران 130 سے زائد افراد ہلاک ہوچکے ہیں ،ْبنگلہ دیشی حکام اور مقامی افراد نے بتایا کہ متعدد روہنگیا مسلمانوں کو اس وقت فائرنگ کرکے ہلاک کیا گیا جب وہ ناف نامی دریا عبور کررہے تھے جو میانمار اور بنگلہ دیش کے درمیان سرحدی تفریق کرتا ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ دیگر کو بنگلہ دیشی بارڈر گارڈز کی جانب سے سمندر کی جانب دھکیل دیا گیا ہے۔

(جاری ہے)

واضح رہے کہ 2012 سے میانمار کی مغربی ریاست روہنگیا میں فرقہ وارانہ جھڑپوں میں اب تک ہزاروں لوگ ہلاک ہوچکے ہیں۔یاد رہے کہ 9 اکتوبر کو ایک حملے میں متعدد پولیس اہلکاروں کی ہلاکت پر رد عمل کے طور پر بنگلہ دیشی سرحد سے منسلک علاقے میں فوجی آپریشن کا آغاز کردیا گیا۔

میانمار فوج نے ضلع بھر میں آپریشن کا آغاز کیاجہاں کی بیشتر آبادی روہنگیا مسلمانوں پر مشتمل ہے، اس دوران علاقے میں موجود تمام امدادی سرگرمیاں بند کردی گئی اور رضاکاروں کو علاقے سے نکال دیا گیا۔امدادی رضاکاروں، مقامی افراد اور بنگلہ دیش میں موجود حکام کے مطابق اکتوبر سے اب تک 500 سے زائد افراد میانمار سے بنگلہ دیش نقل مکانی کرگئے ہیں ،ْانھوں نے بتایا کہ نقل مکانی کرنے والے مذکورہ روہنگیا مہاجرین کو بنگلہ دیش میں سرحد پر قائم کیے گئے 4 مختلف کیمپوں میں رکھا گیاادھر مشرقی بنگلہ دیش میں کوکس بازار سیکٹر کے کمانڈنگ آفیسر لیفٹننٹ کرنل انورالعظیم نے بتایا کہ گذشتہ روز 86 روہنگیا مسلمانوں، جن میں 40 خواتین اور 25 بچے بھی شامل تھے، بنگلہ دیش کے بارڈر گارڈز نے سرحد کی جانب واپس دھکیل دیا۔

انھوں نے بتایا کہ یہ تمام لوگ ایک کشتی میں سوار تھے اور اس واقع کے بعد سرحد پر سیکیورٹی میں اضافہ کردیا گیا ادھر میانمار فوج نے بتایا تھا کہ گذشتہ 7 روز میں جھڑپوں کے دوران مبینہ روہنگیا عسکری گروپ کے 69 اراکین ہلاک ہوئے ،ْ اس دوران سیکیورٹی فورسز کے 17 اہلکار ہلاک ہوئے۔فوج کے مذکورہ دعوے کے بعد 9 اکتوبر سے اب تک جھڑپوں کے دوران ہلاک ہونے والے روہنگیا مسلمانوں کی تعداد 102 سے تجاوز کرگئی ۔

متعلقہ عنوان :