برطانیہ، سعودی عرب کو اسلحے کی فروخت جاری رکھنے کا اعلان

جمعرات 17 نومبر 2016 11:15

لندن ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 17 نومبر2016ء) برطانوی وزیر خارجہ بوریس جانسن اور تین دیگر برطانوی وزراء نے سعودی عرب کو اسلحے کی فروخت روک دینے کا مطالبہ مسترد کرتے ہوئے باور کرایا ہے کہ مملکت کے لیے عسکری سپورٹ جاری رہے گی۔ برطانوی پارلیمنٹ کی دو کمیٹیوں نے کچھ عرصہ قبل ریاض کے لیے عسکری سپورٹ کا سلسلہ روک دینے کا مطالبہ کیا تھا۔

مذکورہ کمیٹیوں کا موقف تھا کہ سعودی عرب کے زیر قیادت اتحادی فورسز یمن میں انسانی حقوق کی خلاف ورزی کر رہی ہیں۔

(جاری ہے)

برطانوی اخبار "دی ٹیلی گراف" کے مطابق اس حوالے سے وزیر خارجہ جانسن ، وزیر دفاع مائیکل وولن ، وزیر ترقیات بریٹی بیٹل اور وزیر تجارت لیام فوکس کی جانب سے جاری مشترکہ بیان ایک غیر مسبوق اقدام ہے۔برطانوی وزراء نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ انہیں اس بات پر اعتماد ہے کہ سعودی عرب کو اسلحے کی فروخت مملکت متحدہ میں برآمدات کے اجازت ناموں اور قوانین کے عین مطابق ہے۔ وزراء کے مطابق برطانوی حکومت برآمدات کے پورے عمل میں اس بات کا پورا خیال رکھتی ہے کہ تمام کارروائی اسلحے کی برآمد کے حوالے سے یورپی یونین کے مقرر کردہ معیار کے تحت ہو۔