Live Updates

نوجوان ملک کا مستقبل ہیں ،، تحریک انصاف نوجوانوں کو یکساں مواقع فراہم کرنے کیلئے کوشاں ہے،پرویزخٹک

بدھ 16 نومبر 2016 22:55

پشاور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 16 نومبر2016ء) وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا پرویز خٹک نے کہاہے کہ نوجوان ملک کا مستقبل ہیں اسلئے پاکستان تحریک انصاف نوجوانوں کو یکساں مواقع فراہم کرنے کیلئے کوشاں ہے تاکہ وہ مستقبل کے چیلنجوں سے کامیابی کے ساتھ نبردآزما ہو کر ملک کو مسائل کی دلد ل سے نکالنے میں کامیاب ہوں۔ وہ آج شام اسلام آباد میں طلباء کنونشن سے خطاب کر رہے تھے ۔

انہوںنے کہاکہ عمران خان کی قیادت میں پی ٹی آئی عوام کو بہتر حکمرانی، شفافیت، یکساں مواقع اور یکساںذریعہ تدریس اور نصاب پر مبنی تعلیمی نظام دینا چاہتی ہے تاکہ کوئی بھی ترقی دوڑ میں پیچھے نہ رہے ۔ا نہوں نے اس امر پر افسوس کا اظہار کیا کہ ماضی میں امیر و غریب کیلئے مختلف نظام تعلیم رائج کئے گئے ہیں جس سے امیر و غریب کا فرق مزید بڑھ گیا ۔

(جاری ہے)

انہوں نے خبردار کیا کہ مذکورہ تعلیمی نظام رائج رہا تو مالدار ترقی پاکر ملک سے بھاگ جائیں گے اور ملک میں صرف پسماندہ غریب ہی رہ جائیں گے۔وزیراعلیٰ نے کہاکہ پی ٹی آئی حکومت صوبے میں ترقی کے یکساں مواقع، شفاف طرز حکمرانی اور یکساں نظام تعلیم کی فراہمی پر توجہ دے رہی ہے تاکہ تمام لوگ نہ صرف ترقی کر سکیں بلکہ ملک کی تعمیر اور خوشحالی میں فعال کردار بھی ادا کرسکیں۔

انہوںنے کہاکہ صوبے کا انتظام وانصرام ایسے خطوط پر استوار کیا گیا ہے جس میں بدعنوانی کی کوئی گنجائش نہیں ہو گی ۔تحریک انصاف میں نوجوانوں کے کردارکے بارے میں وزیراعلیٰ نے کہاکہ نوجوان پارٹی کا ہراول دستہ ہیں اور پچھلے انتخابات میں نوجوانوں نے نہ صرف خود پی ٹی آئی میں شمولیت اختیار کی بلکہ اپنے والدین کو بھی اس کی حمایت پر آمادہ کیا۔ انہوںنے کہاکہ تحریک انصاف جوانوں ہی کی پارٹی ہے اور وہ اس پلیٹ فارم سے بدعنوانی اور بدانتظامی کو ختم کرکے ملک کو ترقی ، امن اور خوشحالی کی راہ پر گامزن کریں گے ۔انہوں نے نوجوانوں پر زوردیا کہ وہ خوشحال پاکستان کی خاطر متحد رہیں۔پی ٹی آئی کے چیئرمین عمران خان اور جہانگیر ترین نے بھی کنونش سے خطاب کیا ۔
Live پاکستان تحریک انصاف سے متعلق تازہ ترین معلومات

متعلقہ عنوان :