Live Updates

پی ٹی آئی نے بگڑے نظام کو درست کرنے کا بیڑا اٹھایا ہے،پرویزخٹک

قوم کی نظریں اب تحریک انصاف پر لگی ہیں ،دیگر برسراقتدار جماعتوں سے عوام مایوس ہو چکے ہیں، وزیراعلی خیبرپختونخوا

بدھ 16 نومبر 2016 22:55

پشاور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 16 نومبر2016ء) وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا پرویز خٹک نے کہا ہے کہ پاکستان تحریک انصاف کے مثبت اصلاحاتی ایجنڈے سے متاثر ہو کر عوام جوق در جوق دیگر پارٹیوں سے مستعفی ہو کر پی ٹی آئی میں شامل ہو رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی نے بگڑے ہوئے نظام کو درست کرنے کا بیڑا اٹھایا ہے اور صوبے میں اداروں کی بہتری کے سلسلے میں ہر شعبہ میں اصلاحات لائے ہیں جس کی بدولت اب عوام مطمئن ہیں اور ان کے مسائل حل ہو رہے ہیں۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے وزیراعلیٰ ہائوس پشاور میں سوات سے تعلق رکھنے والے ایک عوامی وفد سے بات چیت کے دوران کیا۔ اس موقع پر صوبائی وزیر محمود خان، ایم پی ایز نادیہ خان، ڈاکٹر حیدر علی اور دیگر متعلقہ حکام بھی موجود تھے۔

(جاری ہے)

اس دوران مینگورہ سوات کی سرکردہ شخصیت نعیم خان عرف خانے نے اپنے دوست احباب اور رشتہ داروں سمیت پاکستان پیپلز پارٹی سے مستعفی ہو کر پاکستان تحریک انصاف میں شمولیت کا اعلان کیا۔

وزیراعلیٰ پرویز خٹک نے اس موقع پر وفد کو پی ٹی آئی میں شمولیت پر مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ پوری قوم کی نظریں اب پاکستان تحریک انصاف پر لگی ہوئی ہیں کیونکہ دیگر برسراقتدار جماعتوں سے عوام مایوس ہو چکے ہیں اس لئے عمران خان ہی سے نظام کی درستگی کیلئے عوام نے امیدیں وابستہ کی ہیں اور اس مقصد کے حصول کیلئے ہم عوامی فلاح کی خاطر کوششیں کر رہے ہیں۔

انہوں نے وفد کو یقین دلایا کہ پاکستان تحریک انصاف میں ان کو عزت و احترام کا مقام دیا جائے گا اور امید ظاہر کی کہ اپنے ساتھی پی ٹی آئی کے دست و بازو ثابت ہوں گے۔ ملاقات میں نعیم خان اور وفد میں شامل دیگر افراد نے وزیراعلیٰ کو اپنی طرف سے مکمل حمایت کا یقین دلاتے ہوئے کہا کہ سوات میں پارٹی کو مزید مضبوط کرنے کیلئے وہ دن رات کام کریں گے اور انشاء اللہ آئندہ انتخابات میں پی ٹی آئی سوات سے ایک بار پھر کلین سویپ کرے گی۔
Live پاکستان تحریک انصاف سے متعلق تازہ ترین معلومات