وزیر داخلہ کی دورہ برطانیہ کے دوران وزیر اعظم، وزیر خارجہ اور وزیر داخلہ سے ملاقاتیں ، پاک برطانیہ تعلقات کو مزید مستحکم کر نے کے ساتھ ساتھ دنیا میںبھارت کا مکروہ چہرہ بھی بے نقاب کیا

بھارت کی ورکنگ باونڈری اور ایل او سی پر فائرنگ اور نہتے لوگوں کو شہید کرنے کی تفصیلات بھی برطانوی حکومت کے سامنے رکھیں ،مقبوضہ کشمیرمیں بھارت کی انسانی حقوق کی پامالیوں سے برطانوی حکام کو آگاہ کیا

بدھ 16 نومبر 2016 22:46

وزیر داخلہ کی دورہ برطانیہ کے دوران وزیر اعظم، وزیر خارجہ اور وزیر ..
اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 16 نومبر2016ء) وزیر داخلہ چوہدری نثار علی خان نے اپنے دورہ برطانیہ کے دوران وزیر اعظم، وزیر خارجہ اور وزیر داخلہ سے ملاقاتیں کر کے پاک برطانیہ تعلقات کو مزید مستحکم کر نے کے ساتھ ساتھ دنیا میںبھارت کے مکروہ چہرے کو بھی بے نقاب کیا ، چوہدری نثار کا برطانوی حکومت نے شاندار خیر مقدم کیا اور برطانوی وزیر خارجہ نے ان کے اعزاز میں ظہرانہ دیا ، چوہدری نثار اپنے ایک ہی دورے کے دوران برطانوی وزیر اعظم اور انکی کابینہ کے اہم وزرا ء سے اعلیٰ سطح کی ملاقاتیں کرنے والے واحد وزیر ہیں،ذرائع کے مطابق وزیر داخلہ چوہدری نثار علی خان کے دورہ برطانیہ کو برطانوی حکومت کی طرف سے انتہائی اہمیت دی گئی ہے اورحکومتی سطح پر ان کا شاندار خیر مقدم کیا گیا ہے ، چوہدری نثار واحد وزیر ہیں جن کے اعزاز میں برطانوی وزیر خارجہ نے ظہرانہ دیا اور برطانوی وزیر داخلہ سے ملاقات کے دوران برطانوی وزیر اعظم تھریسامے بھی آ گئیں اور پاکستان کو مختلف شعبوں میں بھر پور تعاون کا یقین دلایا ،وزیر داخلہ چوہدری نثار نے جہاں پاک برطانیہ تعلقا ت اور دو طرفہ امور پر بات چیت کی اور دہشت گردی سمیت مختلف امور پر پاکستان کا موقف مضبوط انداز میں دنیا کے سامنے پیش کیا وہاں بھارت کی ورکنگ باونڈری اور ایل او سی پر فائرنگ اور نہتے لوگوں کو شہید کرنے کی تفصیلات بھی برطانوی حکومت کے سامنے رکھیں اور مقبوضہ کشمیرمیں بھارت کی طرف سے کی جانے انسانی حقوق کی پامالیوں سے برطانوی حکومت کو آگاہ کیا ۔