ملاکنڈ کی تعمیر و ترقی کیلئے کمیونٹی ڈرائیون لوکل ڈویلپمنٹ پروگرام کو مزید دو سال تک توسیع پر رضامندی

بدھ 16 نومبر 2016 22:34

پشاور۔16نومبر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 16 نومبر2016ء)خیبر پختونخوا کے سینئر وزیر بلدیات و دیہی ترقی عنایت ا لله نے کہا ہے کہ کمیونٹی ڈرائیون لوکل ڈیویلپمنٹ (CDLD) پروگرام کو مزید دو سال تک توسیع کی تجویز دے دی گئی ہے علاوہ ازیں مذکورہ پروگرام میں ضلع بونیر کو بھی شامل کر لیا گیا ہے جس سے وہاں کی پسماندگی میں خاطر خواہ کمی آئے گی۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے سی ایم سیکرٹریٹ پشاور میں یورپی یونین کے ایک نمائندہ وفد سے ملاقات کے دوران بات چیت کرتے ہوئے کیا۔سینئر صوبائی وزیر نے کہا کہ ملاکنڈ کی تعمیر و ترقی موجودہ مخلوط حکومت کی اولین ترجیح ہے جس کیلئے اب تک دو ہزار سے زائد کمیونٹی پراجیکٹ منظور کئے گئے ہیںجس پر تیز رفتاری کے ساتھ کام بھی ہو رہا ہے۔

(جاری ہے)

سینئر وزیر نے یورپی یونین کے وفد کا مالی امداد کی فراہمی پر ان کا شکریہ ادا کرتے ہوئے اس پروگرام کو مزید دو سال تک توسیع دینے کا مطالبہ کیا تاکہ اس پروگرام کو لوکل ایکٹ 2013کے تحت ویلج کونسل اور نیبرہو ڈ کونسل کی سطح تک بھی لاگو کیا جائے تاکہ پسماندہ علاقوں کے لوگوں کو بنیادی سہولیات ان کی دہلیز پر میسر ہو سکیں۔

اس موقع پر پاکستان میں یورپی یونین کے سربراہ برنارڈ فرانسس نے سینئر وزیر کے تجاویز سے اتفاق کرتے ہوئے ان کی کوششوں کو سراہا اور اس سلسلے میں اپنی بھرپور تعاون کرنے کی یقین دہانی کرائی۔ شرکاء نے سی ڈی ایل ڈی پروگرام کو مزید دو سال تک توسیع اور ضلع بونیر کی شمولیت پر رضا مندی کا اظہار کیا ۔سینئر صوبائی وزیر نے اپنے متعلقہ محکمے کے حکام کو ہدایت کی کہ اس پروگرام کو کامیاب بنانے کے سلسلے میںکوئی تاخیر برادشت نہیں کی جائے گی اور اس ضمن میں جنگی بنیادوں پر اقدامات اٹھائے جائیں اور فوری طور پر کاروائی مکمل کی جائے تاکہ نچلی سطح پر بھی عوام پروگرام کے ثمرات سے بروقت مستفید ہو سکیں۔