سندھ کے مشہور صوفی بزرگ سید سمن سرکارؒ کی85ویں عرس ،میلے کی تقریبات باقاعدہ طور پر شروع

بدھ 16 نومبر 2016 22:11

پنگریو (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 16 نومبر2016ء) سندھ کے مشہور صوفی بزرگ سید سمن سرکار کی85ویں عرس اور میلے کی تقریبات باقاعدہ طور پر شروع ہوگئی ہیں عرس اور میلے کی تقریبات کا افتتاح سیکریٹری عشر و زکواة سندھ ریاض احمد سومرو نے چیف ایڈ منسٹریٹر اوقاف کے ہمراہ درگاہ پر چادر چڑھا کر کیا عرس اور میلے میں شرکت کے لئے ملک بھر سے زائرین اور عقیدت مندوں کی بڑی تعداد درگاہ سید سمن سرکار پر پہنچ رہی ہے زائرین اور عقیدت مند اپنے ہمراہ دیسی مرغے لا رہے ہیں عرس اور میلے میں وسیع علاقے پر نیا عارضی شہر آباد ہو گیا ہے جہاں پر سرکس، موت کے کنویں، جھولے، الیکٹرک ٹرین، چڑیا گھر، میجک شو اور تفریح کے دیگر آئٹم شائقین کو بھر پور تفریح فراہم کر نے کا ذریعہ بن گئے ہیں او ر شائقین خاص طور پر بچے ان آئٹموں میںبھر پور دلچسپی لے رہے ہیں جبکہ گدھا اور اونٹ منڈیاں بھی سج گئی ہیں جہاں پر ان مویشیوں کی خریدو فروخت ہورہی ہے سندھ بھر سے ان مویشیوں کے خریدار منڈی میں پہنچ رہے ہیں میلے میں مختلف اقسام کی مٹھائی ، کشمش، کھلونوں کی دکانوں اور ہوٹلوں پر بھی رش دکھائی دے رہا ہے عرس اور میلے میں سندھ کے ثقافتی کھیل ملھ اور ملاکھڑے کے مقابلے بھی ہو رہے ہیں جن میں سندھ کے معروف ملہہ پہلوان حصہ لے رہے ہیں اور اپنے کھیل کے ذریعے شائقین کو تفریح فراہم کر رہے ہیں عرس اور میلے میں سیکورٹی کے انتظامات کے لئے چاڑھے چار سو پولیس اہلکاروںا ور سولہ رینجرز کی ڈیوٹیاں لگائی گئی ہیں تاہم واک تھروگیٹس اور میٹل ڈیٹیکٹر نہ ہونے کے باعث سیکیورٹی انتظامات نامکمل دکھائی دے رہے ہیں عرس اور میلے میں پہلے دن گھڑ دوڑ نہیں ہوسکی بتایا جاتا ہے کہ سندھ کے بہترین گھڑ سوار شاہ عبدالطیف بھٹائی کے عرس اور میلے میں شرکت کر نے کے بعد جمعرات کے روز سید سمن سرکار کے میلے میں پہنچیں گے اور گھڑ دوڑ کے مقابلوں میں اپنے گھوڑوں کے فن اور چال ڈھال کا مظاہرہ کر یں گے سید سمن سرکار کے عرس اور میلے میں سندھ کے مختلف اضلاع سے آنے والی پبلک ٹرانسپورٹ کی گاڑیوں سے متعدد مقامات پر پولیس بھتہ لینے میں مصروف ہے جبکہ میلے اور عرس میں آنے والے زائرین کی بڑی تعداد نے پولیس اہلکاروں کی جانب سے انہیں بے جا تنگ کر نے اور رشوت دینے پر مجبور کر نے کی شکایات کیں۔

متعلقہ عنوان :