چیئرمین واپڈا کا تربیلا ڈیم کے چوتھے توسیعی منصوبہ کے تعمیراتی کام کا معائنہ

بدھ 16 نومبر 2016 20:55

چیئرمین واپڈا کا تربیلا ڈیم کے چوتھے توسیعی منصوبہ کے تعمیراتی کام ..
ایبٹ آباد۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 16 نومبر2016ء) چیئرمین واپڈا نے بدھ کو تربیلا ڈیم کے چوتھے توسیعی منصوبہ کے تعمیراتی کام کا جائزہ لیا، 1410 میگاواٹ بجلی کی پیداوار کے حامل چوتھے توسیعی منصوبے کو نئے شیڈول کے مطابق مکمل کرنے کی ہدایت کر دی۔ چیئرمین واپڈا کی۔ تفصیلات کے مطابق واپڈا کے چیئرمین لیفٹیننٹ جنرل (ر) مزمل حسین نے گذشتہ روز تربیلا ڈیم کے دورہ کے دوران چوتھے توسیعی منصوبہ پر جاری کام کا معائنہ کیا۔

اس موقع پر جنرل منیجر تربیلا ڈیم اقبال مسعود صدیقی، پراجیکٹ ڈائریکٹر ٹی فور سہیل خان اور تعمیراتی کمپنی کے اعلیٰ حکام بھی موجود تھے۔ جنرل منیجر تربیلا ڈیم اقبال مسعود صدیقی نے منصوبہ پر جاری کام کے حوالہ سے بریفنگ دی۔ چیئرمین واپڈا نے کہا کہ منصوبہ کو بروقت و نئے شیڈول کے مطابق مکمل کرنا ہماری اولین ترجیح ہے جس کیلئے واپڈا انتظامیہ اپنا بھرپور کردار کر رہی ہے اور تمام وسائل استعمال کئے جا رہے ہیں۔

(جاری ہے)

واضح رہے کہ 1410 میگاواٹ پیداواری صلاحیت کا تربیلا چوتھا توسیعی منصوبہ واپڈا کے کم لاگت بجلی پیدا کرنے کے پلان کا حصہ ہے جسے ترجیحی بنیادپر آگے بڑھایا جا رہا ہے۔ تربیلا کے چوتھے توسیعی منصوبہ کے تحت تربیلا ڈیم کی سرنگ نمبر 4 پر تین پیداواری یونٹ نصب کئے جا رہے ہیں جن میں سے ہر ایک کی پیداواری صلاحیت 470 میگاواٹ ہے۔ اس منصوبہ کی تکمیل پر تربیلا ہائیڈل پاور سٹیشن کی بجلی پیدا کرنے کی صلاحیت 3 ہزار 478 میگاواٹ سے بڑھ کر 4 ہزار 888 میگاواٹ ہو جائے گی۔

متعلقہ عنوان :