شالا مار ہسپتال میں پھیپھڑوں کے امراض کے حوالے سے عالمی دن پر میڈیکل کیمپ اور آگاہی لیکچر

بدھ 16 نومبر 2016 20:11

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 16 نومبر2016ء) دنیا بھر میں گزشتہ روز پھیپھڑوں کے امراض کے حوالے سے دن منایا گیا ۔اس حوالے سے شالا مار ہسپتال کے پلمو نولوجی ڈیپارٹمنٹ اور شعبہ بزنس ڈویلپمنٹ کے زیر اہتمام فری میڈیکل کیمپ کا انعقاد کیا گیا ۔جہاں آنے والے مریضوں کو مفید طبی مشورے دیے گئے۔کیمپ میں آنے والوں کو پھیپھڑوں کی صحت کے حوالے سے مفت ٹیسٹ جبکہ ڈیجیٹل ایکسرے اور سی بی سی ٹیسٹوں پر 50فیصد کی رعایت دی گئی۔

(جاری ہے)

شالا مار ہسپتال کے آڈیٹوریم میں خصوصی لیکچر ہوا پلمونولوجی کلینک کے انچارج ڈاکٹر سلیم الزماں ادہمی نے پھیپھڑوں کے خاص مرض (copd)جس میں مریض کا سانس پھولتا ہے سے متعلق تفصیل سے بتایا ۔ان کا کہنا تھا کہ پھیپھڑوں کے امراض کی سب سے بڑی وجہ سگریٹ نوشی ہے ۔ان کا کہنا تھا کہ دھواں اور ماحول کی آلودگی بھی اس مرض کا باعث بنتے ہیں۔اس موقع پر ہسپتال کے شعبہ سائیکاٹری کے ڈاکٹر اسامہ نے بتایا کہ مضبوط قوت ارادی سے سگریٹ کی عادت کو چھوڑا جا سکتا ہے انہوں نے اس کے لیے مختلف طریقے بھی بتائے ۔جنرل منیجر بزنس ڈویلپمنٹ ڈاکٹر عرفان علی سید نے بتایا کہ شالامار ہسپتال کے شعبہ پلمونولو جی کو جلد اپ گریڈ کیا جا رہا ہے۔ (ایم سلیمان)