کبڈی کا ورلڈ ایونٹ منعقد کرانے کیلئے تیار ہیں، ڈی جی سپورٹس پنجاب

کبڈی پنجاب کا روایتی کھیل ہے، اس کے فروغ کیلئے ورلڈ ایونٹس کا انعقاد نہایت ضروری ہے،ذوالفقار احمد گھمن کی کبڈی کے ورلڈ آرگنائزر سکھ وفد سے گفتگو ڈی جی سپورٹس پنجاب نے انٹر سکول اور انٹر کالج گیمز میں فاتح ہاکی ٹیموں کو ٹرافیاں اور میڈلز دیئے، سکھ وفد نے ’’تیری جان، میری جان پاکستان پاکستان ‘‘ کے نعرے لگائے

بدھ 16 نومبر 2016 20:06

کبڈی کا ورلڈ ایونٹ منعقد کرانے کیلئے تیار ہیں، ڈی جی سپورٹس پنجاب
لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 16 نومبر2016ء) ڈائریکٹر جنرل سپورٹس پنجاب ذوالفقار احمد گھمن سے کبڈی کے ورلڈ آرگنائزرز نے سپورٹس بورڈ پنجاب میں ملاقات کی، وفد میں سردار سربجیت سنگھ اور سردار بوٹا سنگھ شامل تھے،اس موقع پر قومی کبڈی ٹیم کے مینجر محمد رمضان گھمن، پنجاب کبڈی ایسوسی ایشن کے سینئر نائب صدر خواجہ اختر عباس ، جنرل سیکرٹری چودھری محمد اعجاز اور ڈائر یکٹر سپورٹس محمد انیس شیخ بھی موجود تھے، بدھ کے روز ہونیوالی ملاقات میں ڈی جی سپورٹس پنجاب ذوالفقار احمد گھمن نے وفد کو یقین دہانی کرائی کہ پاکستان کبڈی کا ورلڈ ایونٹ منعقد کرانے کیلئے تیار ہے، اس سلسلہ میں ہرطرح سے تعاون کیا جائے گا،کبڈی پنجاب کا روایتی کھیل ہے جس میں عوام بھرپور دلچسپی لیتے ہیں، اس لئے روایتی کھیل کبڈی کے فروغ کیلئے ورلڈ ایونٹس کا انعقاد نہایت ضروری ہے، پاکستانی کبڈی کے کھلاڑی دنیا بھر میں مشہور ہیں، پاکستان کی کبڈی ٹیم دو بار کبڈی ورلڈ کپ میں چاندی کے میڈل جیت چکی ہے، کبڈی کے ورلڈ ایونٹ کے انعقاد سے نوجوان کھلاڑیوں کی دلچسپی میں اضافہ ہوگا، وفد نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان سے سکھ برادری کی محبت لازوال ہے، یہ ہمارے گورو کی دھرتی ہے، پاکستان کے لوگ بہت محبت کرتے ہیں، کبڈی کے ورلڈ ایونٹ کے انعقاد سے محبت میں مزید اضافہ ہوگا، ڈی جی سپورٹس پنجاب ذوالفقار احمد گھمن نے وفد کو سوینئرز دیئے۔

(جاری ہے)

دریں اثناء نیشنل ہاکی سٹیڈیم میں ڈی جی سپورٹس پنجاب ذوالفقار احمد گھمن اور سکھ وفد نے انٹر سکول اور انٹر کالج گیمز میں ہاکی کے مقابلوں میں پوزیشن حاصل کرنیوالی ٹیموں پنجاب کالج، سپیریئر کالج اور ڈیفنس کالج کو ٹرافیاں اور میڈلز دیئے۔ سکھ وفد نے اس موقع پر ’’تیری جان، میری جان پاکستان پاکستان‘‘ اور ’’پاکستان زندہ باد‘‘ کے نعرے بھی لگائے۔ (قیوم زاہد)