چینی سرمایہ کاریونین کے وفد کی سیکرٹری سیاحت سے ملاقات

بدھ 16 نومبر 2016 19:54

پشاور۔16نومبر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 16 نومبر2016ء) سیکرٹری محکمہ سیاحت ، کھیل ، آثار قدیمہ ، میوزیم و امور نوجوانان طارق خان نے کہاہے کہ صوبہ میں سیاحتی، آثار قدیمہ کے تاریخی اور قدیمی مقامات ، واٹر سپورٹس ، گلیات میں ایڈونچر تھیم پارک، سیاحوں کیلئے تفریح گاہ، بین الاقوامی معیار کی چیئرلفٹ ، بیس کیمپ اور ٹورسٹ ویلیج کا قیام سمیت دیگر مختلف پراجیکٹ زیر غور ہیں جن سے صوبہ میں بین الاقوامی سیاحت کو فروغ ملے گی، ان خیالات کا اظہار سیکرٹری طارق خان نے چینی غیر ملکی سرمایہ کاریونین (COIU) کے ٹورازم کارپوریشن دفتر کے دورے کے موقع پر کیا، اس موقع پر منیجنگ ڈائریکٹر مشتاق احمد خان ،ڈائریکٹر آرکیالوجی ڈاکٹر عبدالصمد، سیکرٹری خیبرپختونخوا بورڈ آف انوسٹمنٹ اینڈ ٹریڈ نذیر احمد اعوان ، ڈائریکٹر فخر عالم سمیت دیگر اہم شخصیات موجود تھیں، تفصیلات کے مطابق گزشتہ روز چائنہ سے آئے ہوئے 18رکنی چائنہ غیر ملکی سرمایہ کار یونین (COIU) کے وفد نے ٹورازم کارپوریشن کا دورہ کیا جہاں کانفرنس روم میں ایم ڈی مشتاق احمد خان نے ٹورازم کارپوریشن کے مستقبل میں شروع ہونے والے نئے 13 پراجیکٹس پر تفصیلی بریفنگ دی ، ان پراجیکٹس میں صوبہ کی تاریخ میں پہلا کیمپنگ پیراڈائز پراجیکٹس ،تخت بھائی میں مذہبی سیاحتی ریسورٹس جس میں ریسٹورنٹس ،مراقبہ سنٹر، مذہبی اور ثقافتی کارنر، جھوپڑیاں، ملٹی پل ہالز کی تعمیر، ہیلتھ یونٹ اور دیگر شامل ہیں ، دریائے کابل میں خیشگی کے مقام پر واٹرسپورٹس کی سہولیات ، گارڈن، گلیات میں ایڈونچر تھیم پارک ، ہنڈ گائوں میں سیاحوں کیلئے تفریح گاہیں ، ایوبیہ چیئرلفٹ کی بین الاقوامی معیار کے مطابق تزہین و آرائش، شملہ ہلز ایبٹ آباد میں فارسٹ ایڈونچرپارک اور سیاحوں کیلئے تفریحی مقامات ، ہرنوئی ایبٹ آباد میں واٹر سپورٹس سرگرمیاں ، دادار ڈسٹرکٹ مانسہرہ میں سیاحتی گائوں اور بیس کیمپ، سری پائے شوگران میں کیبل کار ، بحرین سوات میں سیاحوں کیلئے ہل ریسورٹس، بیر گلی ڈسٹرکٹ صوابی میں سیاحتی مقامات کی تعمیراور ریسٹ ہائوسز کی تزہین وآرائش کے پراجیکٹس شامل ہیں، چائنیز وفد نے ٹورازم کارپوریشن کی جانب سے تمام پراجیکٹس میں دلچسپی ظاہر کی اورڈیپارٹمنٹ کی جانب سے صوبہ میں مذہبی ، ثقافتی ، سیاحتی اور آرکیالوجیکل سائٹس میں کام کرنے اور ایسے پراجیکٹس شروع کرنے کو سراہا۔

(جاری ہے)

ڈائریکٹر آرکیالوجی ڈاکٹرعبدالصمد نے کہاکہ صوبہ میں 6ہزار قدیمی اور آرکیالوجیکل سائٹس موجود ہیں جن میں پچاس فیصد چائنہ کے مذہبی ثقافت اور آرکیالوجی سے منسلک ہے جس پر بین الاقوامی سیاحوں کیلئے کام کیا جا سکتا ہے۔