ماڈل ٹائون میگا ہائوسنگ سکیموں پر کام تیز کیا جائے۔ڈاکٹر امجد علی
تازہ ترین : 1

ماڈل ٹائون میگا ہائوسنگ سکیموں پر کام تیز کیا جائے۔ڈاکٹر امجد علی

پشاور۔16نومبر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 16 نومبر2016ء)وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا کے معاون خصوصی برائے ہائوسنگ ڈاکٹر امجد علی نے بدھ کے روز جلوزئی ہائوسنگ سکیم اور پشاور ماڈل ٹائون میگا ہائوسنگ پراجیکٹ کو عملی جامہ پہنانے کیلئے سائٹ ایریاز کا دورہ کیا۔ معاون خصوصی نے مذکورہ سکیموں کیلئے مختص اراضی کا تفصیلی معائنہ کیااور اب تک ہونے والی پیش رفت،منصوبوں میں حائل رکاوٹوں اور جلد کام کے آغاز سے متعلق تجاویز سمیت تفصیلی معلومات حاصل کیں۔

انہوں نے کہا کہ یہ منصوبے عوام کی فلاح و بہبود اور ترقی کے لحاظ سے انتہائی اہمیت کے حامل ہیں اور حکومت کی کوشش ہے کہ ان کی راہ میں حائل رکاوٹوں اور لوگوں کے تحفظات کو دور کر کے منصوبوں کو جلد عملی جامہ پہنایا جائے۔انہوں نے کہا کہ ان سکیموں سے اربوں روپے سرمایہ کاری حاصل ہونے کے علاوہ لوگوں کو روزگار کے مواقع بھی ملیں گے اور جدید سہولتوں سے آراستہ شہر تعمیر ہوں گے۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان تحریک انصاف کی حکومت غریب محنت کشوں اور ملازمین کی بہتری کیلئے کوشاں ہے اور ایسی سکیموں سے انہیں بھی استفادہ کرنے کے مواقع ملیں گے۔اس موقع پر پارلیمانی سیکرٹری اور ایم پی اے خلیق الرحمان نے کہا کہ مذکورہ سکیموں کو عوامی توقعات کے مطابق مکمل کرنے کیلئے بھرپور اقدامات جاری ہیں۔مذکورہ منصوبوں سے متعلق بریفنگ دیتے ہوئے ڈی جی ہائوسنگ اتھارٹی نے بتایاکہ جلوزئی ہائوسنگ سکیم میں سڑکوں کی تعمیرمکمل ہو چکی ہے اور نکاسی آب،آبنوشی،بجلی اورگیس کے منصوبوں پر کام جاری ہے۔
وقت اشاعت : 16/11/2016 - 19:54:23

متعلقہ عنوان :

اپنی رائے کا اظہار کریں