ہم نہیں چاہتے کہ ہمارے بچے اس شخص کے نام کی یونیورسٹی سے ڈگری لیں جس نے پاکستان کیخلاف نعرے لگائے

تحریک انصاف کراچی ریجن کے سینئر نائب صدر و رکن سندھ اسمبلی خرم شیر زمان کی میڈیا سے بات چیت

بدھ 16 نومبر 2016 19:48

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 16 نومبر2016ء) پاکستان تحریک انصاف کراچی ریجن کے سینئر نائب صدر و رکن سندھ اسمبلی خرم شیر زمان نے کہا ہے کہ الطاف حسین کے نام پر یونیورسٹی کا نام تبدیل کرکے عبدالستار ایدھی رکھا جائے،کیونکہ ایم کیو ایم کے بانی الطاف حسین کے خلاف سندھ اسمبلی نے قرارداد پاس کی ہے جس میں آئین کے آرٹیکل 6 کے تحت مقدمہ درج کرنے کا مطالبہ کیا گیا ہے،وہ بدھ کو سیکریٹری سندھ اسمبلی کو حیدرآباد میں الطاف حسین کے نام پر زیرتعمیر یونیورسٹی کا تبدیل کرنے کے لئے قرارداد جمع کروانے کے بعد میڈیا سے گفتگو کررہے تھے،قرارداد آئین کے آرٹیکل 256 کے تحت خرم شیرزمان نے اسمبلی سیکریٹری کے پاس جمع کرائی قرارداد میں مطالبہ کیا گیا ہے کہ حکومتی اراکین اور اپوزیشن کی تمام جماعتوں سے گزارش ہے کہ اس قرارداد کی حمایت کرے اور حیدرآباد میں بننے والی یونیورسٹی کا نام تبدیل کرکے عبدالستار ایدھی کے نام پر رکھا جائے،کیونکہ عبدالستار ایدھی کی خدمات کسی سے ڈھکی چھپی نہیں انکا کہنا تھاکہ یونیورسٹی کی تعمیر کے لئے زمین سندھ حکومت نے دی ہے اور ہم نہیں چاہتے کہ ہمارے بچے اس شخص کے نام کی یونیورسٹی سے ڈگری لیں جس نے پاکستان کے خلاف نعرے لگائے اور غداری کے مرتکب ہوئے ہیں۔