افغانستان اور پاکستان کیلئے امریکہ کے خصوصی نمائندے رچرڈ اولسن کی وفاقی وزیر خزانہ سینیٹر اسحاق ڈار سے الوداعی ٹیلی فونک گفتگو

بدھ 16 نومبر 2016 18:40

اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 16 نومبر2016ء) افغانستان اور پاکستان کیلئے امریکہ کے خصوصی نمائندے رچرڈ اولسن نے وفاقی وزیر خزانہ سینیٹر اسحاق ڈار سے الوداعی ٹیلی فونک رابطہ کیا۔ اس موقع پر انہوں نے کہا کہ وہ پاکستان میں امریکی سفیر اور امریکی خصوصی نمائندہ برائے افغانستان و پاکستان کی حیثیت سے وزیر خزانہ اسحاق ڈار کے ساتھ اپنے طویل ورکنگ ریلیشن شپ بڑی قدر کی نگاہ سے دیکھتے ہیں۔

(جاری ہے)

رچرڈ اولسن نے وزیراعظم نواز شریف کی قیادت میں وزیر خزانہ کی جانب سے ملک کی اقتصادی بحالی کا اعتراف کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان آج تین سال پہلے کی نسبت بہت بہتر ہے۔ وزیر خزانہ اسحاق ڈار نے رچرڈ اولسن کے جذبات کا خیرمقدم کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان اور امریکہ کو اپنے عوام کی بہبود اور خوشحالی کیلئے دوطرفہ تعلقات کو مزید مضبوط بنانے کیلئے کام جاری رکھنا چاہئے۔ انہوں نے خطہ میں امن کے فروغ کیلئے امریکی خصوصی نمائندے کی کوششوں کا اعتراف کیا۔ اسحاق ڈار نے کہا کہ موجودہ حکومت میکرو اکنامک استحکام حاصل کرنے کے بعد اب اعلیٰ، پائیدار اور مجموعی نمو پر توجہ مرکوز کئے ہوئے ہے جس سے ملک میں لوگوں کیلئے روزگار کے مواقع پیدا ہوں گے اور غربت میں کمی آئے گی۔