محمد حفیظ کی بائولنگ کا بائیومکینک ٹیسٹ (کل)برسبین کی لیب میں ہوگا،ٹیسٹ کی رپورٹ14روزمیں موصول ہوگی

بدھ 16 نومبر 2016 18:08

محمد حفیظ کی بائولنگ کا بائیومکینک ٹیسٹ (کل)برسبین کی لیب میں ہوگا،ٹیسٹ ..
لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 16 نومبر2016ء)قومی ٹیم کے مایہ ناز آل رائونڈر محمد حفیظ کی غیرقانونی بولنگ ایکشن کی جانچ( کل)جمعرات کو برسبین کے لیب میں ہوگی۔ ٹیسٹ کی رپورٹ 14 روزمیں موصول ہوگی۔محمد حفیظ گذشتہ سال بولنگ ایکشن رپورٹ کیے جانے کے بعد چنئی میں بائیومکینک ٹیسٹ کلیئر نہیں کرسکے تھے، آئی سی سی کی جانب سے ان کی بولنگ پر12ماہ کیلیے پابندی عائد کردی گئی تھی، یہ مدت رواں سال جولائی میں ختم ہوگئی تاہم فٹنس مسائل کے باعث وہ ٹیسٹ کیلیے تیارنہیں تھی. دورئہ انگلینڈ میں بیٹنگ فارم روٹھی رہی،انجری کا بھی شکار ہوئے اور 24ستمبر کو ساتھمپٹن میں کھیلے گئے پہلے میچ کے بعد وطن واپس آگئے،فٹنس بحال ہونے پر انھیں ویسٹ انڈیز کیخلاف سیریز میں بطور بیٹسمین شامل کرنے سے بھی گریز کیا گیا،اس دوران محمد حفیظ کو بولنگ ایکشن کی اصلاح کیلیے نیشنل کرکٹ اکیڈمی میں کام کرنے کا موقع مل گیا۔

(جاری ہے)

اس سے قبل دورئہ انگلینڈ میں چند روز کیلیے سابق انگلش کوچ اوربائیومکینسٹ کارل کروکی خدمات بھی حاصل کی گئی تھیں، برسبین کی بائیومکینکس لیب میں ٹیسٹ کیلیے آئی سی سی کی طرف سے 17نومبرکی تاریخ مقرر کی گئی تھی جس کیلیے آل رائونڈر آسٹریلیا پہنچ چکے ہیں، ٹیسٹ کی رپورٹ 14 روزمیں موصول ہوگی۔ واضح رہے کہ چیئرمین پی سی بی شہریارخان بھی کہہ چکے کہ اگر حفیظ نے ٹیسٹ کلیئر نہ کیا تو ٹیم میں دوبارہ ان کی واپسی مشکل ہے۔