بلاول اور آصف زرداری سے وزیراعلیٰ سندھ کی ملاقات ،مختلف امور پر تبادلہ خیال

بیرون ملک مقیم پیپلزپارٹی کے ارکان اسمبلی اوررہنماآئندہ ماہ سے مرحلہ وار وطن واپسی کا سلسلہ شروع کرینگے ،ملاقات میں اتفاق

بدھ 16 نومبر 2016 16:54

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 16 نومبر2016ء) پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری اور شریک چیئرمین آصف علی زرداری سے وزیراعلی سندھ سید مرادعلی شاہ نے بدھ کو دبئی میں ملاقات کی ہے ۔ملاقات میں رکن قومی اسمبلی فریال تالپور بھی موجود تھیں ۔ذرائع کے مطابق ملاقات میں سندھ کابینہ میں تبدیلی ، نئے وزرا معاونین خصوصی کی شمولیت اور سندھ حکومت کی کارگردگی پر تبادلہ خیال کیا گیا ۔

(جاری ہے)

جبکہ سندھ کابینہ اور پیپلزپارٹی کے تنظیمی سیٹ اپ میں مرحلہ وار بڑی تبدیلیوں کو حتمی شکل دی گئی ۔پیپلزپارٹی کی قیادت نے پارٹی کے سابق وزر اور موجودہ ارکان اسمبلی کے خلاف مقدمات کا جائزہ لیااور ان کی وطن واپسی سے متعلق اہم فیصلے کیے ہیں ۔ملاقات میں اس بات پر اتفاق کیا گیا کہ بیرون ملک مقیم پیپلزپارٹی کے ارکان اسمبلی اوررہنماآئندہ ماہ سے مرحلہ وار وطن واپسی کا سلسلہ شروع کریں گے اور عدالتوں میں پیش ہو کر مقدمات کا سامنا کریں گے ۔