لاہور ہائی کورٹ کی 150 ویں سالگرہ کے موقع پر 19نومبر کو کو سرکٹ ہاؤس میں ’’قانون کی حکمرانی‘‘ کے موضوع پر سیمینار ہو گا

بدھ 16 نومبر 2016 16:50

فیصل آباد۔16 نومبر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 16 نومبر2016ء) لاہور ہائی کورٹ کی 150 ویں سالگرہ کے موقع پر19نومبر بروز ہفتہ کو سرکٹ ہاؤس فیصل آباد میں قانون کی حکمرانی کے موضوع پر سیمینار منعقد کیا جائے گاجس سے اہم عدالتی و قانونی شخصیات و ماہرین خطاب کریں گے ،ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج فیصل آبادعابد حسین قریشی نے بدھ کے روز میڈیا سے بات چیت کے دوران بتایا کہ چیف جسٹس لاہور ہائی کورٹ کی ہدایات پر لاہور ہائی کورٹ اپنی 150 سالہ تقریبات منا رہی ہے ،انہوں نے کہا کہ یہ عدلیہ کی کامیابی کی ایک عظیم داستان ہے جس کی روشنی میں ماتحت عدلیہ کے زیر اہتمام بھی بعض تقریبات کا اہتمام کیا جارہا ہے، انہوں نے کہا کہ قانون کی حکمرانی کے موضوع پر سیمینار کے انعقاد کا مقصد لوگوں میں قانون اور انسانی حقوق اور مظلوم کی داد رسی سمیت دیگر قانونی امور کے بارے میں آگاہی فراہم کر نا ہے، انہوں نے کہا کہ 20 نومبر بروز اتوار کو اقبال سٹیڈیم میں ایک فرینڈلی میچ کھیلا جائے گاجبکہ اگلے دن سکولوں کے بچوں کا عدالتی وزٹ ہوگا جس میں بچے قانون و انصاف اور عدالتی فرائض کے بارے میں سوال و جواب بھی کر سکیں گے،انہوں نے میڈیا کو تمام ایونٹس میں شرکت کی دعوت دیتے ہوئے امید ظاہر کی کہ عوام میں اپنے حقوق اور قانون کے بارے میں شعور و آگاہی پیدا کرنے کیلئے ان تمام مواقع پر بھر پور کوریج کرے گا تاکہ عدلیہ کا ایک مثبت پیغام لوگوں تک پہنچایا جاسکے، انہوں نے بتایا کہ اسی طرح فیصلہ کیا گیاہے کہ 15 نومبر سے 15 دسمبر تک کا مہینہ پرانے کیس نمٹانے کا مہینہ ہوگا اور اس عدالتی مہینے میں خواتین وبچوں کے کیسزترجیحی بنیادوں پر نمٹائے جائیں گے ۔

متعلقہ عنوان :