یکم دسمبر کو منعقد ہونے والے حلقہ پی پی 78 شہری نشست جھنگ کے ضمنی انتخابات کی مہم میں تیزی آگئی

بدھ 16 نومبر 2016 16:48

فیصل آباد/جھنگ۔16 نومبر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 16 نومبر2016ء) یکم دسمبربروز جمعرات کو منعقد ہونے والے صوبائی اسمبلی کے حلقہ پی پی 78 شہری نشست جھنگ کے ضمنی انتخابات کی مہم میں تیزی آگئی ہے جبکہ مسلم لیگ (ن) ، ، پی ٹی آئی ، پی پی پی ، پی اے ٹی کے امیدوار وں نے جھنگ کو ڈویژن کا درجہ دلوانے ،یونیورسٹی و میڈیکل کالج کے قیام ، ڈی ایچ کیو ہسپتال کی اپ گریڈیشن کے نعروں کو اپنا منشور قرار دے دیاہے ۔

(جاری ہے)

مسلم لیگ (ن) کے امیدوار آزاد ناصر انصاری ، ، پاکستان تحریک انصاف کے امیدوار میاں ارفع مجید، پی پی پی کے امیدوار سرفراز احمد ربانی، پاکستانی عوامی تحریک کے امیدوار رانا محمد نسیم سمیت بعض دیگر امیدواروں کی جا نب سے ضلع جھنگ کو دیگر ارکان اسمبلی کے ساتھ مل کر ڈویژن کا درجہ دلوانے کا اعلان کیا جارہا ہے اور یہ امیدوار اپنی کارنر میٹنگز میں اس ہاٹ ایشو سمیت جھنگ میں یونیورسٹی ، میڈیکل کالج کے قیام اور ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹرز ہسپتال جھنگ کو اپ گریڈ کروانے کے انتخابی دعوے کر رہے ہیں یہاں یہ امر بھی قابل ذکر ہے کہ پی ٹی آئی ، پی پی پی اور پی اے ٹی کے امیدواروں کی جانب سے اپنے اپنے قائدین کو جھنگ آکر انتخابی جلسہ عام کی دعوت دی جارہی ہے اور توقع ہے کہ عمران خان ، بلاول بھٹو زرداری اور ڈاکٹر طاہر القادری یا ان کی ہدایت پر ان کی جماعتوں کے مرکزی و صوبائی قائدین آئندہ دنوں میں جھنگ آکر انتخابی مہم میں حصہ لیں گے جس سے الیکشن کمپین میں مزید تیزی آنے کا امکان ہے تاہم مسلم لیگ (ن) کے امیدوار آزاد انصاری جنہیں شہر کے دونوں بڑے شیخ گروپوں کی حمایت بھی حاصل ہے کہ بھاری اکثریت سے کامیابی کے امکانات نمایاں ہیں۔