بھارت پاکستان کی معیشت کے درپے ہے،لائن آف کنٹرول پر بھارتی جارحیت ناقابل برداشت ہے، شاہد رشید بٹ

بدھ 16 نومبر 2016 16:12

اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 16 نومبر2016ء) اسلام آباد چیمبر آف سمال ٹریڈرز کے سرپرست شاہد رشید بٹ نے کہا ہے کہ بھارت پاکستان کی معیشت کے درپے ہے،لائن آف کنٹرول پر بھارتی جارحیت ہماری اقتصادیات اور ملکی سالمیت پر حملہ تھا جو ناقابل برداشت ہے۔ بدھ کو جاری ہونے والے ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ فوج ہر قیمت پر سال رواں کے اندر آپریشن ضرب عضب ختم کرنا چاہتی ہے مگر کچھ علاقائی اور بڑی قوتوں کو دہشت گردوں کے خلاف جنگ میںپاکستان کی کامیابی منظور نہیں کیونکہ اس کے بعد پاکستان میں ترقی کے نئے دور کا آغاز ہو گا، اسی لئے بلوچستان میں بھی گڑ بڑ کی جا رہی ہے۔

انہوں نے کہا کہ دشمن قوتیں اقتصادی راہداری کو ہر قیمت پر ناکام بنانا چاہتی ہیں اس لئے بارڈر مینجمنٹ پر بھی اعتراضات کئے جا رہے ہیں تاکہ دہشت گردی کا مکمل خاتمہ روکا جا سکے۔

(جاری ہے)

شاہد بٹ نے کہا کہ 1980ء میں چین کی فی کس آمدنی پاکستان سے کم تھی مگر اب یہ دنیا کا سب سے بڑا برآمدکنندہ ملک اور ایک بڑی معاشی قوت ہے جو پاکستان کا سب سے قابل اعتماد دوست بھی ہے۔ دونوں ممالک کی بڑھتی ہوئی قربت سے پاکستان کی ترقی کی رفتار بڑھے گی ۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان دہشت گردی کے خلاف جنگ میں بہت نقصان اٹھا چکا ہے جسے صرف اقتصادی راہداری کی کامیاب تکمیل سے پورا کیا جا سکتا ہے جس پر کسی قسم کی سودے بازی ناممکن ہے۔

متعلقہ عنوان :