وزیراعظم فاروق حیدر خان کا دورہ یورپ انتہائی اہمیت کا حامل رہا‘ دورہ یورپ کے موقع پر فاروق حیدر نے مسئلہ کشمیر کو بھرپور انداز میں اٹھایا‘ موجودہ حکومت مسئلہ کشمیر سمیت ریاستی ترقی اور خوشحالی کیلئے اپنا بھرپور کردار اداکررہی ہے

مسلم لیگ (ن) آزادکشمیر کے مرکزی جوائنٹ سیکرٹری چوہدری احسن منظور کی میڈیا سے بات چیت

بدھ 16 نومبر 2016 15:16

مظفرآباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 16 نومبر2016ء) مسلم لیگ (ن) آزادکشمیر کے مرکزی جوائنٹ سیکرٹری چوہدری احسن منظور نے کہا ہے کہ وزیراعظم آزادکشمیر راجہ فاروق حیدر خان کا دورہ یورپ انتہائی اہمیت کا حامل رہا‘ دورہ یورپ کے موقع پر راجہ فاروق حیدر خان نے مسئلہ کشمیر کو بھرپور انداز میں اٹھایاہے۔ موجودہ حکومت مسئلہ کشمیر سمیت ریاستی ترقی اور خوشحالی کیلئے اپنا بھرپور کردار اداکررہی ہے۔

میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے چوہدری احسن منظور کا کہنا تھا کہ بھارتی افواج کی جانب سے لائن آف کنٹرول پر کشیدگی خطہ کے امن کیلئے سنگین خطرہ ہے۔ دفاع وطن کیلئے افواج پاکستان کی قربانیاں ناقابل فراموش ہیں‘ بھمبر سیکٹر میں شہید ہونیوالے آرمی کے جوانوں کو خراج عقیدت پیش کرتے ہیں جنہوںنے بھارتی جارحیت کا منہ توڑ جواب دیتے ہوئے جام شہادت نوش کیا۔

(جاری ہے)

انہوںنے کہا کہ شہداء کی قربانیاں رائیگاں نہیں جائیں گی۔ بزدل بھارت نے نہ صرف مقبوضہ وادی کو فوجی چھاونی میں تبدیل کررکھا ہے کچھ عرصہ سے لائن آف کنٹرول پر کشیدگی بڑھا کر سول آبادی کو نشانہ بنا رہا ہے جس کی پرزور مذمت کرتے ہیں اورعالمی برادری سے مطالبہ کرتے ہیں کہ وہ بھارتی اشتعال انگیزی کا نوٹس لے ۔ انہوںنے کہا کہ وزیراعظم پاکستان میاں محمد نوازشریف نے بھارت پر واضح کردیا کہ وہ پاکستان کو ترانوالہ اور ہمارے صبر کو کمزوری نہ سمجھے اور اقوام متحدہ سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ بھارتی اشتعال انگیزی کا نوٹس لے۔

چوہدری احسن منظور کا کہنا تھا کہ بھارت نے پاکستان کی طرف میلی آنکھ سے بھی دیکھا تو وہ یاد رکھے پوری پاکستانی و کشمیری عوام اپنی افواج کے شانہ بشانہ دشمن کے مکروہ عزائم کو خاک میں ملا دیں گے۔