دشمن جان لے مجاہدین نے دفاع کے میدان میں کئی اہم سنگ میل طے کرلئے ہیں، القسام بریگیڈ

دشمن کی کسی بھی جارحیت کا منہ توڑ جواب دینے کی صلاحیت رکھتے ہیں، بیان

بدھ 16 نومبر 2016 14:32

غزہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 16 نومبر2016ء) حماس کے عسکری ونگ عزالدین القسام بریگیڈ نے نومبر 2012ء کو غزہ کی پٹی پر مسلط کی گئی جنگ کے چار سال پورے ہونے پرایک پیغام میں کہا ہے کہ دشمن کو معلوم ہونا چاہیے کہ مجاہدین نے دفاع کے میدان میں کئی اہم سنگ میل طے کرلئے ہیں۔اطلاعات کے مطابق 14 نومبر سے 21نومبر2012ء تک جاری رہنے والی صہیونی جارحیت کو فلسطینی مجاہدین نے ’اسٹون شیل‘معرکے کا نام دیا تھا۔

صہیونی فوج نے اس جنگ میں فلسطینی مجاھدین کے چیف کمانڈر انجینئر احمد الجعبری کو ایک فضائی حملے میں شہید کردیا تھا۔معرکے کی چوتھی سالگرہ پر القسام بریگیڈ کی طرف سے جاری بیان میں صہیونی دشمن کو یہ پیغام دیا گیا ہے کہ مجاہدین دفاعی اعتبار سے اب پہلے سے بہت مضبوط ہوچکے ہیں۔

(جاری ہے)

بیان میں کہا گیا ہے کہ فلسطینی مجاہدین نے تیاری، طاقت، تعمیر اور دفاعی ترقی کے باب میں اہم سنگ میل طے کئے ہیں اور دشمن کو کسی بھی جارحیت پردندان شکن جواب دینے کی پوری صلاحیت حاصل کرلی ہے۔

بیان میں کہا گیا ہے کہ فلسطینی مجاہدین نے جس جرات، دلیری اور عزم واستقلال کیساتھ ’سٹون شیل‘ معرکے میں جانثاری کا ثبوت دیا تھا آج بھی تمام مجاہدین اسی جذبہ شہادت سے سرشار ہیں۔ صہیونی دشمن کو ہرمحاذ پر شکست دینے اور جارحیت کا منہ توڑ جواب دینے کی صلاحیت رکھتے ہیں۔بیان میں کہا گیا ہے کہ فلسطینی مجاہدین دشمن کے خلاف ہرمحاذ پر طویل جنگ لڑنے اور قوم کی امنگوں پر پورا اترنے کیلئے پوری صلاحیت رکھتے ہیں۔ مجاہدین ہرطرح کے حالات میں دشمن کیخلاف جنگ کیلئے تیار ہیں۔