حکومت نے میڈیا کی صنعت کو سہولیات فراہم کرنے کا عزم کررکھا ہے، جمہوریت اور آزادی صحافت کا چولی دامن کا ساتھ ہے،حکومت آزاد میڈیا کی ترقی کیلئے ہرممکن کوششیں کرے گی اور عامل صحافیوں کے مسائل حل کرے گی

وزیرمملکت اطلاعات ونشریات مریم اورنگزیب کی آل پاکستان نیوز پیپرز سوسائٹی کے وفد سے گفتگو

منگل 15 نومبر 2016 22:58

اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 15 نومبر2016ء) وزیرمملکت برائے اطلاعات ونشریات وقومی ورثہ مریم اورنگزیب نے کہا ہے کہ حکومت نے میڈیا کی صنعت کو سہولیات فراہم کرنے کا عزم کررکھا ہے‘ جمہوریت اور آزادی صحافت کا چولی دامن کا ساتھ ہے۔ ان خیالات کا اظہارانہوں نے آل پاکستان نیوز پیپرز سوسائٹی (اے پی این ایس) کے وفد سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔

جس نے منگل کو یہاں ان سے ملاقات کی انہوں نے آزادی اظہار رائے کیلئے اپنے عزم کا اظہار کیااور کہا کہ جمہوری حکومت آزادی اظہار رائے اور عوام کو اپنی آراء کے اظہار کے حق پر پابندی لگانے کا تصور بھی نہیں کرسکتی۔ انہوں نے میڈیا پر زوردیا کہ جمہوریت کو مزید مضبوط بنانے اور معاشرے میں جمہوری اقدار کو فروغ دینے کیلئے اپنا کردار جاری رکھے وزیرمملکت نے کہا کہ حکومت آزاد میڈیا کی ترقی کیلئے ہرممکن کوششیں کرے گی اور عامل صحافیوں کے مسائل حل کرے گی۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ حکومت جلد ہی جرنلسٹ سیفٹی اینڈ سکیورٹی بل متعارف کرائے گی اور اپنے ابتدائی مسودے کو جلد تمام سٹیک ہولڈرز اور میڈیا تنظیموں کے نمائندگان کے ساتھ شیئر کرے گی۔ انہوںنے حکومت اور میڈیا بالخصوص صحافیوں اور میڈیا ورکرز کی تربیت اور پیشہ وارانہ ترقی کے سلسلے میں حکومت اور میڈیا کے درمیان قریبی رابطہ کی ضرورت پر زوردیا۔

اے پی این ایس کے وفد نے وزیرمملکت کے ساتھ اپنے مختلف مسائل اور خاص کر اشتہارات کے نرخوں میں اضافہ اور واجبات کے بارے میں بات چیت کی وزیرمملکت نے وفد کو ان کے مسائل کے حل کے سلسلے اپنے بھرپور تعاون کا یقین دلایا۔ انہوں نے پرنٹ ،الیکٹرانک اورڈیجیٹل میڈیا کیلئے علیحدہ ایڈورٹائزمنٹ بجٹ مختص کرنے کی تجویز سے اتفاق کیا۔ انہوں نے کہا کہ وزارت اطلاعات میڈیا انڈسٹری کی بہتری کیلئے اپنی کوششیں جاری رکھے گی اور آزاد اور ذمہ دار میڈیا کے نصب العین کیلئے اس کے ساتھ کام کرتی رہے گی۔

مریم اورنگزیب نے پرنٹ میڈیا کے کردار کو بھی سراہا اور توقع ظاہر کی کہ یہ جمہوری اقدار اور پاکستان کے مثبت تشخص کو اجاگر کرنے کیلئے اپنا کردار جاری رکھے گا۔ اس موقع پر پرنسپل انفارمیشن آفیسر رائو تحسین علی خان اور پی آئی ڈی کے دیگر سینئر افسران موجود تھے۔