پنجاب میں عوامی فلاح و بہبود کے منصوبوں کو ثمر آور بنانے کیلئے ای گورننس کا نظام متعارف کرایا ہے، ڈاکٹر عائشہ غوث پاشا

منگل 15 نومبر 2016 22:55

لاہور۔15نومبر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 15 نومبر2016ء) صوبائی وزیر خزانہ ڈاکٹر عائشہ غوث پاشا نے کہا ہے کہ پنجاب میں عوامی فلاح و بہبود کے منصوبوں کو ثمر آور بنانے اور شفافیت کو یقینی بنانے کے لئے ای گورننس کا نظام متعارف کرایا ہے تاکہ قومی تعمیر و ترقی اور عوامی خوشحالی کے یہ منصوبے کامیابی سے پایہ تکمیل تک پہنچائے جاسکیں- اس ضمن میں سول سرونٹ کا کردار کلیدی حیثیت کا حامل ہے ضرورت اس امر کی ہے کہ وہ اپنے ذاتی مفادات اور تعصبات سے بالاتر ہو کر عوامی خدمت کے مشن کو اپنا نصب العین بنائیں اور مربوط رابطوں کے تحت ٹھوس لائحہ عمل اپنائیں- انہوں نے ان خیالات کا اظہار وزیراعلیٰ سیکرٹریٹ میں ا یک سو پانچویں(105) نیشنل مینجمنٹ کورس کے شرکاء کے اعزاز میں دیئے گئے ظہرانے میں وزیراعلی کی نمائندگی کرتے ہوئے کیا-اس موقع پر ان کے ساتھ ایڈیشنل چیف سیکرٹری خواجہ شمائل احمد اور سینئر ممبر پی اینڈ ڈی کے علاوہ ڈیپارٹمنٹ کے سیکرٹری موجودتھی- صوبائی وزیرنے زیرتربیت افسران کو صوبہ پنجاب میں جاری ترقیاتی منصوبوں سے آگاہ کرتے ہوئے کہا کہ تعلیم، صحت، انفراسٹرکچر، ایگریکلچر اور ٹرانسپورٹ کے شعبوں میں حکومت پنجاب نے میرٹ کو بنیاد بنا کر عوامی بہبود کے لئے ایسے میگا پراجیکٹس کاآغاز کیا ہے جن کی اس سے قبل ملک کی تاریخ میں مثال نہیں ملتی- انہوں نے کہا کہ صوبہ پنجاب میں امن و امان کے قیام اور محفوظ سیاحتی سرگرمیوں کو فروغ دینے کے لئے موجودہ حکومت نے سیف سٹی پراجیکٹ ،کاؤنٹرٹیررازم فورس اور ڈولفن فورس سمیت کئی اقدامات اٹھائے ہیں- صوبائی وزیر نے زیرتربیت افسران کو بتایا کہ پنجاب میں پرائمری اور ٹریژری شعبوں کی ترقی پر خصوصی توجہ دی جارہی ہے جس کے لئے وزیراعلی پنجاب نے بجٹ میں ریکارڈ فنڈ مختص کئے ہیں-زیرتربیت افسران نے صوبہ پنجاب میں عوامی فلاح و بہبود کے منصوبوں اورتیزرفتار ترقی کو سراہتے ہوئے وزیراعلی پنجاب محمد شہباز شریف اور ان کی ٹیم کی کاوشوں کو گرانقدر قرار دیا اور اس عزم کا اعادہ کیا کہ تربیت مکمل کرنے کے بعد وہ بھی اسی جوش جذبے اور لگن سے قومی تعمیر کے سفر کو آگے بڑھائیں گے۔

متعلقہ عنوان :