کراچی‘ گلستان جوہر کے وسط میں بہنے والے نالے میں بوری بند لاش کی اطلاع پر پولیس کی دوڑیں لگ گئیں

بوری کھولنے پر پولیس کو مردہ کتے ملنے پر پولیس شرمندہ ہوکر لوٹ گئی

منگل 15 نومبر 2016 22:45

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 15 نومبر2016ء) گلستان جوہر کے وسط میں بہنے والے نالے میں بوری بند لاش کی اطلاع پر پولیس کی دوڑیں لگ گئیں، بوری کھولنے پر پولیس کو مردہ کتے ملے جسے دیکھ کر وہ شرمندہ ہوگئی۔تفصیلات کے مطابق پولیس کو مددگار 15 پر اطلاع دی گئی کہ گلستان جوہر پٴْل کے نیچے بہنے والے نالے میں بوری بند لاش موجود ہے جس کے بعد متعلقہ تھانے کی پولیس، میڈیا،ایمبولینس اور عوام کی کثیر تعداد جائے وقوعہ پر جمع ہو گئی۔

(جاری ہے)

پولیس نے کافی تگ و دو کے بعد نالے سے بوری باہر نکالی تو بوری میں سے کسی انسانی لاش کے بجائے دو مردار کتے نکلے اس دلچسپ لیکن بے تٴْکی حرکت پر پولیس غصے میں آگئی اور 15 سے کال کرنے والے شخص کا نمبر لیا تا ہم نمبر مسلسل بند جا رہا ہے۔بعد ازاں پولیس نے متعلقہ کال کا پتا چلانے کے لیے ایف آئی اے سمیت متعلقہ اداروں سے رجوع کر لیا ہے تا کہ غلط خبر دینے والے شہری کو قرار واقعی سزا دی جاسکے۔واضح رہے کہ پولیس کی مددگار کال سروس 15 پر 80 فی صد سے زائد اطلاعات جھوٹی، مذاق یا غلط نکلتی ہیں ایسی فیک کالز سے پریشان پولیس حکام نے غلط خبریں دینے والے کالرز کا پتا چلانے کا فیصلہ کر لیا ہے۔

متعلقہ عنوان :