ڈپٹی میئر کراچی کی بابا گرونانک کے جنم دن پر سکھ برادری کو مبارکباد

منگل 15 نومبر 2016 22:31

کراچی ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 15 نومبر2016ء) ڈپٹی میئر کراچی ڈاکٹر ارشد عبداللہ وہرہ نے کہا ہے کہ پاکستان سمیت دنیا بھر میں بابا گرونانک کا جنم دن منایا جا رہا ہے اور میں اپنی اور کراچی کے شہریوں کی جانب سے تمام سکھ برادری کو دل کی گہرائیوں کے ساتھ بابا گرونانک کے جنم دن کی مبارکباد پیش کرتا ہوں، بابا گرونانک نے دور دراز سفر کر کے لوگوں کو ایک خدا کا پیغام پہنچایا اور روحانی، سماجی، سیاسی نظام ترتیب دیا جس کی بنیاد مساوات، بھائی چارے، نیکی اور حسن سیرت پر ہے۔

جاری اعلامیہ کے مطابق ان خیالات کا اظہار انہوں نے سکھ مذہب کے بانی باباگرونانک کے جنم دن کے موقع پر گرونانک دربار سوامی نارائن ٹیمپل ایم اے جناح روڈ میں منعقدہ تقریب میں سکھ برادری کے معزز اراکین اور دربار کے منتظمین سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

(جاری ہے)

اس موقع پر سکھ کونسل کے چیئرمین سردار رمیش سنگھ اور سینئر ڈائریکٹر میونسپل سروسزبلدیہ عظمیٰ کراچی مسعود عالم بھی موجود تھے۔

انہوں نے کہا کہ سکھ برادری محب وطن ہے ، کراچی کی ترقی اور امن وامان کے قیام کے لئے سکھ برادری کا بھرپور کردار ہے۔ڈپٹی میئر کراچی نے کہاکہ با گرونانک کی تعلیمات کے باعث دنیا کے دیگر مذاہب کی طرح مذہب اسلام کے پیروکار بھی انہیں عزت و احترام کی نظر سے دیکھتے ہیں۔ اس موقع پر ڈپٹی میئر کراچی کو دربار کی طرف سے خصوصی شال کا تحفہ پیش کیا گیا جبکہ انہوں نے دربار پر اپنی جانب سے چادر بھی چڑھائی۔

متعلقہ عنوان :