جسمانی اور ذہنی طور پر مضبوط افراد ملک کی ترقی میں کلیدی کردار ادا کرتے ہیں،ڈی سی او گوجرانوالہ

منگل 15 نومبر 2016 22:27

گوجرانوالہ۔15 نومبر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 15 نومبر2016ء)ڈی سی او محمد عامر جان نے قائداعظم پبلک سکول کے جونیئر سیکشن کے سالانہ کھیلوں کے مقابلوں میں شریک طلبہ اور اساتذہ سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ جسمانی اور ذہنی طور پر مضبوط افراد ملک کی ترقی میں کلیدی کردار ادا کرتے ہیں، کھیلوں کے مقابلوں میں شرکت سے آگے بڑھنے کی لگن اور جذبہ پیدا ہوتا ہے۔

ی سی او نے کہا کہ نصابی اور غیر نصابی سرگرمیوں میں شرکت سے ایک صحت مند دماغ اور صحت مند معاشرہ تشکیل پاتا ہے۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے کیو ڈی پی ایس گوجرانوالہ میں انٹر سکول سپورٹس فیسٹیول کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔انہوں نے کہا کہ کھیلوں کے اور دیگر صحت مندانہ سرگرمیوں میں شرکت کرنے والے طلباوطالبات بہتر طور پر ملکی ترقی میں اپنا کردار ادا کرتے ہیں،انہوں نے سپورٹس فیسٹیول میں شرکت کرنے والے طلباوطالبات کی صلاحیتوں کو سراہا۔

(جاری ہے)

انہوں نے ڈویژن بھر کے کیو ڈی پی ایس کیمپسز کے سالانہ انٹر سکول مقابلوں میں ننھے طلباوطالبات کی پرجوش شرکت اور اساتذہ کی طرف سے کرائی جانے والی تیاری پر اساتذہ اور ٹرینرز کو مبارک باد دی۔ مقابلوں میں شریک طلبا وطالبات نے خوبصورت انداز میں ملی نغموں اور لوک گیتوں پر پرفارمنس بھی دی۔انہوں نے مقابلوں میں جیتنے والے طلباوطالبات میں سرٹیفکیٹ ،شیلڈ زاور دیگر انعامات تقسیم کیے اس موقع پر پرنسپل کیو ڈی پی ایس ساجد جمال خان اور ڈویژن کے دیگر پرنسپلز ،اساتذہ، طلباوطالبات کے والدین اور ڈسکہ ،وزیرآباد،لالہ موسیٰ،نوشہرہ ورکاں کے طلبا طالبات بڑی تعداد میں شریک تھے۔