ضلع بھر کی سیکیورٹی کو مزید سخت اور فعال کر دیا گیا ہے، سی پی او

منگل 15 نومبر 2016 22:25

گوجرانوالہ۔15 نومبر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 15 نومبر2016ء)سٹی پولیس آفیسر محمد وقاص نذیر نے کہا ہے کہ حالات کے پیش نظرضلع بھر کی سیکیورٹی کو مزید سخت اور فعال کر دیا گیا ہے ۔پولیس افسرا ن اور جوان الرٹ رہتے ہوئے اپنے فرائض منصبی ادا کر رہے ہیں ۔ تھانہ جات اور پولیس لائنز سے ڈیوٹی پر روانہ کرتے وقت ہر پولیس جوان کو مناسب بریف کیا جا رہا ہے ۔

(جاری ہے)

ناکہ بندی پوائنٹس اور پٹرولنگ انچارج کی بنیادی ذمہ داری ہے کہ وہ اپنے گردونواح پر کڑی نظر رکھیں ۔اس موقع پر انہوں نے کہا کہ موجودہ حالات کے پیش نظر ہر افسر اور جوان کو الرٹ رہ کر ڈیوٹی سر انجام دینا ہو گی تا کہ سماج دشمن اور شر پسند عناصر کا قلع قمع کیا جا سکے ۔ سستی یا غفلت کا مظاہرہ کرنے والوں کے خلاف سخت کارروائی عمل میں لائی جا ئے گی ۔