حضرت امام حسینؓ کے چہلم سمیت مزارات اور مقدس مقامات کی سیکورٹی کے پیش نظر حیدرآباد پولیس کی تمام چھٹیاں منسوخ کرکے پویس کو ہائی الرٹ کر دیا گیا

منگل 15 نومبر 2016 22:23

حیدرآباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 15 نومبر2016ء) حضرت امام حسینؓ کے چہلم سمیت مزارات اور مقدس مقامات کی سیکورٹی کے فول پروف انتظامات کے پیش نظر حیدرآباد پولیس کی تمام چھٹیاں منسوخ کرکے پویس کو ہائی الرٹ کر دیا گیا ہے، رینجرز اور پولیس سیکورٹی کے فرائض انجام دیں گے۔اے ایس پی ہیڈ کواٹر سرفراز ورک کی زیر صدارت چہلم حضرت امام حسینؓ پر فول پروف حفاظتی اقدامات کو یقینی بنانے کے سلسلے میں ایک خصوصی اجلاس ہوا جس میں ایس ڈی پی اوز سٹی مارکیٹ، انچارج ڈی آئی بی، انچارج ٹریفک، ایس ایچ اوز فورٹ، سٹی، کینٹ، مارکیٹ اور ٹریفک کے سیکشن آفیسرز نے شرکت کی، اجلاس میں ایس ایس پی حیدرآباد عرفان علی بلوچ کے احکامات کو مدنظر رکھتے ہوئے چہلم حضرت امام حسینؓ کے مر کزی جلوس، عزاء داری سمیت مزارات اور مقدس مقامات کی فول پروف سیکورٹی اوران کے ساتھ تعینات سادہ لباس اور انٹیلی جنس اہلکاروں کے درمیان کمیو نیکیشن نظام کو اعلیٰ سطح تک یقینی بنانے اور سیکورٹی مزید سخت کر نے کی ہدایت کی گئی، اے ایس پی ہیڈ کواٹر سرفراز ورک نے اجلاس سے خطاب کر تے ہو ئے کہا کہ ایس ایس پی حیدرآباد نے موجودہ ملکی صورتحال کے پیش نظر چہلم حضرت امام حسینؓ اور درگاہ سر فراز بابا پر سا لانہ پلّا بھرائی کے موقع پر بھر پور اور مر بوط فول پروف سیکورٹی پلان بنانے کا حکم دیا ہے، اجلاس میں نقشے کے ذریعے چہلم کے ماتمی جلوس کے روٹ ، امام بارگاہوں ، مزارات اور حساس مقامات کا بغور جائزہ لیا گیا اور مو جودہ صورتحال کی حسا سیت کو مد نظر رکھتے ہوئے جلوس کے روٹ قدم گاہ سے سٹی تھانہ چوک، لجپت روڈ، سو سائٹی چوک، حاجی شاہ چوک، کینٹ تھانہ چوک ، جا مع مسجد صدر، سینٹ میری چوک سے کر بلا دادن شاہ تک مر کزی جلوس کی گزر گاہ کو سیکٹرز میں تقسیم کر کے دو نوں سائیڈ پر مو جود دکانوں اور گلیوں کو سیل کر کے پولیس اہلکاروں کو سینئر افیسرز کی زیر کمان تعینات کیا جائیگا، جبکہ ایک خصو صی ویجلنس ٹیم ان تمام انتظامات کی نگرانی کر تی رہے گی جلوس کے فرنٹ اور بیک پر اینٹی ٹیر رسٹ فورس کے کمانڈوز ہو نگے ان سے آگے کچھ فاصلے پر بم ڈسپو زل اسکوڈ سوئپنگ کر تا ہوا چلے گا۔

(جاری ہے)

اجلاس میں بتایا گیا کہ بلند عما رات پر پولیس کمانڈوز اور رینجرز اہلکار تعینات ہوں گے جو اطراف پر کڑی نظر رکھیں گے، 20 سے زائد خفیہ کیمروں کے ذریعے پولیس کمانڈ اینڈ کنٹرول روم سے تمام شہر اور مر کزی جلوس کی نگرانی کی جائیگی واچ ٹاورز لگائے جائیں گے جہاں سے پولیس کے اسنائیپرز کمانڈوز علاقے کی سختی سے نگرانی کر یں گے اور ان کا علا قے میں تعینات پولیس افسران اور کنٹرول روم سے مسلسل رابطہ قائم ہو گا، چہلم کے روز سیکورٹی ہائی الرٹ کی وجہ سے اہم شاہراہوں کے بند ہو نے پر ٹریفک پولیس کو چہلم سے دو روز قبل ٹریفک کا ڈائیورژن پلان بنا کر میڈیا اور ایف ایم کے ذریعے ٹریفک کا ڈائیورژن پلان کا نقشہ جاری کر کے عوام کو آگاہ کر نے کی بھی ہدایت کی گئی۔

متعلقہ عنوان :