دہشت گردی کا اسلام سے کوئی تعلق نہیں ، مزارات و درگاہوں پر حملہ ہماری ثقافت پر حملہ ہے ،خرم نوازگنڈاپور

ملک میں امن کا پیغام عام کرنے کیلئے 20نومبر کو کراچی میں مزار قائد سے ضرب امن سائیکل ریلی شروع ہوگی جو ملک کے 50شہروں سے ہوتی ہوئی16دسمبر کو پشاور پہنچے گی، جنرل سیکرٹری عوامی تحریک

منگل 15 نومبر 2016 22:21

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 15 نومبر2016ء) پاکستان عوامی تحریک کے جنرل سیکرٹری خرم نواز گنڈا پور نے کہا ہے کہ دہشت گردی کا اسلام سے کوئی تعلق نہیں ، مزارات و درگاہوں پر حملہ ہماری ثقافت پر حملہ ہے ، ملک میں امن کا پیغام عام کرنے کے لیے 20نومبر کو کراچی میں مزار قائد سے ضرب امن سائیکل ریلی شروع ہوگی جو ملک کے 50شہروں سے ہوتی ہوئی16دسمبر کو پشاور پہنچے گی ۔

ان خیالات کا اظہار انھوں نے منگل کو کراچی پریس کلب میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر عوامی تحریک یوتھ ونگ کے صدر مظہر محمود علوی ،ٖفہیم خان ،قاضی احمد و دیگر بھی موجود تھے۔ خرم نواز گنڈا پور نے کہا کہ دین کے نام پر مساجد ، امام بارگاہوں ، مزارات اور درگاہوں پر حملہ کرنے والے اسلام کا چہرہ مسخ کرنے کے مترادف ہے ، دہشت گردوں اور دہشت گردی کا اسلام سے کوئی تعلق نہیں ہے ، انتہا پسندوں اور دہشت گردوں کی حمایت کرنے والے اسرائیل کے خلاف فلسطینیوں کی مدد کیوں نہیں کرتے۔

(جاری ہے)

انھوں نے کہا کہ بھارت کے پاکستان میں دہشت گردی میں ملوث ہونے کے ثبوت و شواہد سامنے آچکے ہیں لیکن وزیر اعظم سمیت وزیر داخلہ اور وزیر دفاع بھارتی خفیہ ایجنسی راء کے گرفتار ایجنٹ کلبھوشن یادیو کا ذکر تک نہیں کرتے ،انھوں نے کہا کہ نواز شریف کی بھارتی وزیر اعظم نریندر مودی سے دوستانہ تعلقات ہیں،انھیں اپنی دوستی زیادہ عزیز ہے ۔ایک سوال کے جواب میں انھوں نے کہا کہ خانہ کعبہ پر کیا گیا ہے یہ ثابت نہیں ہواتاہم دہشت گردی کہیں بھی ہووہ قابل مذمت ہے ۔

اس موقع پر مظہر محمود علوی نے کہا کہ ایک سال قبل ضرب امن مہم شروع کی تھی اب اس کے دوسرے مرحلہ میں 20نومبر کوضرب امن سائیکل ریلی شروع کریں گے ،ریلی کا آغاز کراچی مزار قائد سے ہوگا جو سندھ ، بلوچستان، پنجاب کے مختلف شہروں سے ہوتی ہوئی 16دسمبر کو پشاور پہنچے گی ۔ انھوں نے کہا کہ ریلی میں70پروفیشنل سائیکلسٹ سمیت500سے زائد موٹر سائیکل سوار بھی شامل ہوں گے ۔

متعلقہ عنوان :