آرمی چیف کا دورہ شمالی وجنوبی وزیرستان

آپریشن ضرب عضب کے نتیجہ میں فاٹا سے دہشتگردوں کے نیٹ ورک کا خاتمہ ہو چکا ہے ، جنرل راحیل شریف ہم نے آپریشنز کے دوران قابل ذکر کامیابیاں حاصل کیں، اپنی سر زمین سے دہشتگردوں کو مکمل طور پر ختم کرنے کے ہدف کے قریب پہنچ چکے ہیں،پاکستان آرمی اور حکومت قبائلی عوام کی سماجی اقتصادی ترقی کیلئے کئے گئے تمام وعدوں کو پورا کرنے کیلئے پر عزم ہیں،ہم اپنی آئندہ نسلوں کو ایک محفوظ اور خوشحال پاکستان دینگے ،آرمی چیف بے گھر افراد کی واپسی کی پیشرفت پر اطمینان کا اظہار، واپسی کا عمل 2016 کے اختتام سے قبل مکمل کرنے کی ہدایت لو میٹر طویل بنوں میران شاہ غلام خان روڈ بھی کھول دی گئی ، سڑک افغانستان کیلئے مختصر ترین تجارتی روٹ بنے گی بنوں اور غلام خان باڈر پوسٹ کے درمیان سفر کا دورانیہ چھ گھنٹے سے کم ہو کر ڈیڑھ گھنٹہ رہ جائیگا، یونس خان سپورٹس سٹیڈیم کا بھی افتتاح کیا بیگم راحیل شریف کی میران شاہ میں مقامی خواتین کے بڑے اجتماع میں شرکت ، قبائلی خواتین کی قربانیوں کو سراہا،دوبارہ آبادکاری کے حوالے سے مسائل سنے

منگل 15 نومبر 2016 22:19

آرمی چیف کا دورہ شمالی وجنوبی وزیرستان

راولپنڈی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 15 نومبر2016ء) آپریشن ضرب عضب کے نتیجہ میں فاٹا سے دہشتگردوں کے نیٹ ورک کا خاتمہ ہو چکا ہے انہوں نے کہا کہ ہم نے آپریشنز کے دوران قابل ذکر کامیابیاں حاصل کی ہیں اور اپنی سر زمین سے دہشتگردوں کو مکمل طور پر ختم کرنے کے ہدف کے قریب پہنچ چکے ہیں،پاکستان آرمی اور حکومت قبائلی عوام کی سماجی اقتصادی ترقی کیلئے کئے گئے تمام وعدوں کو پورا کرنے کیلئے پر عزم ہیں،ہم اپنی آئندہ نسلوں کو ایک محفوظ اور خوشحال پاکستان دینگے ۔

آئی ایس پی آر کے مطابق آرمی چیف جنرل راحیل شریف نے منگل کو شمالی اور جنوبی وزیرستان کا دورہ کیا انہیں سٹیبلائزیشن آپریشنز، عارضی بے گھر افراد کی واپسی اور فاٹا میں ترقیاتی کاموںکے بارے میں بریفنگ دی گئی ۔

(جاری ہے)

عارضی بے گھر افراد کی واپسی کی پیشرفت پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے آرمی چیف نے بے گھر افراد کی بلا رکاوٹ اور بروقت واپسی کیلئے تمام متعلقہ افراد کی کوششوں کو سراہا ۔

انہوں نے ہدایت کی کہ باقی ماندہ عارضی بے گھر افراد کی واپسی مقررہ وقت کے اندر 2016 کے اختتام سے قبل مکمل کی جائے ۔ جامع بحالی اور تعمیر نو کی کوششوں کے حصے کے طور پر بحالی کے اہم منصوبوں کابھی اس موقع پر افتتاح کیا گیا ۔ 84 کلو میٹر طویل بنوں میران شاہ غلام خان روڈ بھی کھول دی گئی یو ایس ایڈ کے فراہم کردہ فنڈز سے ایف ڈبلیو او نے اس سڑک کی تعمیر مکمل کی ۔

یہ سڑک افغانستان کیلئے مختصر ترین تجارتی روٹ بنے گی اور بنوں اور غلام خان باڈر پوسٹ کے درمیان سفر کا دورانیہ چھ گھنٹے سے کم ہو کر ڈیڑھ گھنٹہ رہ جائیگا اس سڑک کے ساتھ وسطی ایشیاء تک ہر قسم کے آمد ورفت کیلئے افغانستان کیلئے 705 کلو میٹر طویل سٹریٹجک سنٹرل ٹریڈ کوریڈور مکمل کی گئی ہے۔ آرمی چیف نے اس موقع پر یونس خان سپورٹس سٹیڈیم کا بھی افتتاح کیا۔

اس موقع پر فاٹا الیون اور یونس خان الیون کے درمیان افتتاحی میچ دیکھنے کیلئے لوگوں کی بہت بڑی تعداد موجود تھی ۔ قبائلی عمائدین سے خطاب کرتے ہوئے آرمی چیف نے کہا کہ آپریشن ضرب عضب کے نتیجہ میں فاٹا سے دہشتگردوں کے نیٹ ورک کا خاتمہ ہو چکا ہے انہوں نے کہا کہ ہم نے آپریشنز کے دوران قابل ذکر کامیابیاں حاصل کی ہیں اور اپنی سر زمین سے دہشتگردوں کو مکمل طور پر ختم کرنے کے ہدف کے قریب پہنچ چکے ہیں۔

جنرل راحیل شریف نے قبائلی عوام کو بھر پور خراج تحسین پیش کرتے ہوئے خطے میں امن واستحکام کی کوششوں میں سیکیورٹی فورسز کا ساتھ دینے پر انہیں سراہا۔ آرمی چیف نے انہیں یقین دلایا کہ پاکستان آرمی اور حکومت قبائلی عوام کی سماجی اقتصادی ترقی کیلئے کئے گئے تمام وعدوں کو پورا کرنے کیلئے پر عزم ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ ہم اپنی آئندہ نسلوں کو ایک محفوظ اور خوشحال پاکستان دینگے ۔

قبائلی عمائدین نے علاقہ کو دہشتگردوں سے پاک کرنے ، امن کے قیام اور معیاری تعمیراتی کام یقینی بنانے پر آرمی چیف سے تشکر کا اظہار کیا ۔ قبل ازیں جنرل راحیل شریف اور بیگم راحیل شریف نے چغملائی جنوبی وزیرستان میں نئے قائم شدہ آرمی پبلک سکول کا بھی دورہ کیا ۔ اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے انہوں نے ان علاقوں میں تعلیم کے شاندار معیار پر اساتذہ اور طلبہ کو خراج تحسین پیش کیا ۔

آرمی چیف نے اہل علاقہ کی طرف سے اپنے بچوں کو سکولوں میں بھجوانے میں دلچسپی کے اظہار کوبھی سراہا۔ انہوں نے کہا کہ صرف تعلیم سے ہی ہماری مستقبل کی نسلیں ترقی اور خوشحالی کی منزل حاصل کر سکتی ہیں ۔ میران شاہ کے دورے کے دوران بیگم راحیل شریف نے مقامی خواتین کے بڑے اجتماع میں شرکت کی،انہوں نے قبائلی خواتین کی قربانیوں کو سراہا اور دوبارہ آبادکاری کے حوالے سے انکے مسائل سنے ۔ قبل ازیں جنرل راحیل شریف کی آمد پر کور کمانڈر پشاور لیفٹیننٹ جنرل ہدایت الرحمان نے انکا استقبال کیا ۔