طب کا پیشہ ایک مقدس پیشہ ہے اس سے وابستہ لوگ عوام کے لیے مسیحا کا کردار ادا کریں‘تعلیم اور صحت اہم شعبے ہیں ان دونوں شعبوں پر کوئی بھی سمجھوتہ نہیں کریں گے،ڈپٹی کمشنر زیارت عبدالخالق مندوخیل

منگل 15 نومبر 2016 22:18

کوئٹہ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 15 نومبر2016ء)ڈپٹی کمشنر زیارت عبدالخالق مندوخیل نے کہا ہے کہ طب کا پیشہ ایک مقدس پیشہ ہے اس سے وابستہ لوگ عوام کے لیے مسیحا کا کردار کریں اور صحت مند معاشرے کے قیام کے لیے اپنا کردار ادا کریں‘ تعلیم اور صحت اہم شعبے ہیں ان دونوں شعبوں پر کوئی بھی سمجھوتہ نہیں کریں گے ۔ڈپٹی کمشنر زیارت عبدالخالق مندوخیل چیئر مین ڈسٹرکٹ ہیلتھ کمیٹی زیارت کی زیر صدارت ڈسٹرکٹ محکمہ صحت کمیٹی کا اجلاس منعقد ہوا ۔

اجلاس میںڈی ایچ او زیارت ڈاکٹر ارباب کامران کاسی ،ڈسٹرکٹ سپورٹ مینجر پی پی ایچ آئی نصیب اللہ اور دیگر نے شرکت کی ۔ اجلاس میں مختلف فیصلے کئے گئے ۔اجلاس سے ڈپٹی کمشنر زیارت عبدالخالق مندوخیل نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ حکومت سنجاوی اور زیارت میں صحت کی سہولیات کی فراہمی کے لیے تمام وسائل بروئے کار لارہی ہے اس سلسلے میں کوئی سمجھوتہ نہیں کریںگے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ محکمہ صحت کے اہلکار اپنی ڈیوٹیوں کو لگن اور ایمانداری سے ادا کریں ،فرائض میں غفلت کرنے والے اہلکاروں کے خلا ف قانون کے مطابق کاروائی کریں گے ضلع کے تمام ڈاکٹرز اپنی جائے تعیناتی پر موجود رہیں ،وہ خودہسپتالوں کی مانیٹرنگ کریں گے ،اپنے کام میں تساہل کرنے والے ڈاکٹرز کی تنخواہیںبند اور ان کی تنخواہ سے کٹوٹی کریں گے،تعلیم اور صحت اہم شعبے ہیں ان دونوں شعبوں پر کوئی بھی سمجھوتہ نہیں کریں گے ۔

دریں اثناء ڈپٹی کمشنر زیارت نے ڈسٹرکٹ ہیڈکوارٹر ہسپتال زیارت کا دورہ کیا ۔ہسپتال میں تین ڈاکٹرز غیر حاضر تھے ،ڈپٹی کمشنر نے غیر حاضر ڈاکٹر زکے خلاف سخت محکمانہ کاروائی کی ہدایت کی ۔انہوں نے کہا کہ ضلع زیارت میںمحکمہ صحت کے 55پوسٹوں میں 44پوسٹیں خالی پڑی ہیں۔حالیہ دنوں میںدو پوسٹوں پر سیکرٹری صحت نے ڈاکٹرز تعینات کئے ہیں جس کے سیکرٹری صحت کے مشکور ہیں اور امید کرتے ہیں کہ باقی پوسٹوں کو بھی پر کریں گے۔