نوشہرہ،پختونخوا کالج ٹیچر زایسوسی ایشن کا اپنے مطالبات کے حق کیلئے پریس کلب کے سامنے احتجاجی مظاہرہ

منگل 15 نومبر 2016 22:14

نوشہرہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 15 نومبر2016ء)پختونخوا کالج ٹیچر زایسوسی ایشن کا اپنے مطالبات کے حق کیلئے نوشہرہ پریس کلب کے سامنے احتجاجی مظاہرہ کیا ، مظاہرین نے پلے کارڈز اور بینرز اٹھارکھے تھے جس پر ان کے مطالبات کے حق میں نعرے درج تھے مظاہرین کی قیادت پیکٹا کے رہنما پروفیسر میاں اکرام اللہ ، پروفیسر رئیس خان، پروفیسر عابد حسین، پروفیسر سلمیٰ، پروفیسر حسن عالم خان ، پروفیسر بشیر کررہے تھے مظاہرین نے شوبرا چوک کے مقام پر ہر قسم کی ٹریفک کیلئے روڈ بند رکھا بعدازاں شوبراچوک سے ہوتے ہوئے جلوس کی شکل میں نوشہرہ پریس کلب پہنچے جہاں پر مظاہرین سے خطاب کرتے ہوئے پیکٹا کے رہنماؤں پروفیسر سلمیٰ ، میاں اکرام اللہ اور دیگر نے کہا کہ حکومت کی عدم توجہی اور غفلت کے باعث معماران قوم آج بچوں کو پڑھانے کی بجائے سڑکوں پر اپنے مسائل کے حل کیلئے دربدر کی ٹھوکریں کھارہے ہیں ایک طرف تو حکومت یونیورسٹیوں اور سکولوں کے اساتذہ کو ون سٹپ پروموشن دے رہی ہے جبکہ دوسری طرف کالجز کے اساتذہ اپ گریڈیشن تک کے بنیادی حق سے محروم ہیں انہوں نے مزید کہا کہ حکومت کالج پروفیسرز کااستحصال بند کریں ہر ادارے کے ملازمین کنونس الاؤنس تنخواہ کے ساتھ لے رہا ہے لیکن کالج کے اساتذہ اس حق سے بھی محروم ہیں انہوں نے کہا کہ کئی بار وزارت ہائیر ایجوکیشن کو تحریری طورپر آگاہ کردیا ہے لیکن وزارت ہائیر ایجوکیشن سمیت تمام ادارے ٹھس سے مس نہیں ہورہے ہیں اور ہمارے مسائل جوں کے توں ہیں کالج پروفیسرز آخر ارباب اختیار کی وجہ سے اتنے نظرانداز کیوں کئے جارہے ہیں اور ہمارے مسائل کے حل پر انہوں نے چشم پوشی کیوں اختیار کررکھی ہے انہوں نے مزید کہا کہ ہم صوبائی حکومت سے مطالبہ کرتے ہیں کہ وہ پختونخوا کالج ٹیچرز ایسوسی ایشن کے مسائل پر توجہ دے کر معماران قوم کو مزید سڑکوں پر نہ گھسیٹے ورنہ سترہ نومبر کو ہمارے قائدین نے جو فیصلے کیا وہ ہمیں سربہ چشم منظور ہیں۔