احتساب ان کا بھی ہونا چاہئے جو اپوزیشن کی صفوں میں ہیں، سراج الحق

منگل 15 نومبر 2016 22:01

اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 15 نومبر2016ء) امیر جماعت اسلامی سینیٹر سراج الحق نے کہا ہے کہ احتساب ان کا بھی ہونا چاہئے جو اپوزیشن کی صفوں میں ہیں، ترک صدر کا پاکستان کا دورہ مفید اور مبارک ہے ان کو خوش آمدید کہتا ہوں ۔ ان خیالات کا اظہارانہوں نے نائب امراء میاں محمد اسلم، اسد اللہ بھٹو، صوبہ پنجاب کے امیر میاں مقصود احمد اور آل پاکستان تاجر اتحاد کے صدر محمد کاشف چوہدری کے ہمراہ اسلام آباد میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

سینیٹر سراج الحق نے کہا کہ ہم نے کرپشن کے خلاف تحریک شروع کی ہے۔ پوری قوم کو اس تحریک میں شامل ہونا چاہئے ۔ایک سوال پر انہوں نے کہا کہ وزیراعظم نے خود اپنے آپ کو احتساب کیلئے پیش کیا ہے۔ ایک اور سوال پر انہوں نے کہا کہ پیپلزپارٹی کا تماشائی بننا مناسب نہیں۔

(جاری ہے)

ایک دوسرے سوال پر سراج الحق نے کہا کہ ترکی کے صدر ایسے حالات میں پاکستان آ رہے ہیں جب بھارت کے ساتھ کشیدگی کا سامنا ہے، بارڈر پر حملہ کر کے ہمارے 7 جوانوں کو شہید کیا گیا ہے، ہمیں دنیا بھر میں دوستوں کی ضرورت ہے۔

ترک صدر کا دورہ پاکستان مفید اور مبارک ہے میں 20 کروڑ عوام اور اپوزیشن کی طرف سے ترک صدر رجب طیب اردگان کو خوش آمدید کہتا ہوں۔ جب مجھے پتہ چلا کہ کچھ دوستوں نے پارلیمنٹ کے مشترکہ اجلاس کے بائیکاٹ کا اعلان کیا ہے تو میں نے شاہ محمود قریشی اور جہانگیر ترین کو فون کرکے مشورہ دیا کہ وہ یہ بائیکاٹ ختم کر دیں اور اجلاس میں شرکت کریں۔

متعلقہ عنوان :