ہمارا ہدف صوبہ سے پولیو کا مکمل خاتمہ ہے ،سیکرٹری ہیلتھ عابد مجید

منگل 15 نومبر 2016 21:58

پشاور۔15نومبر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 15 نومبر2016ء) سیکرٹری محکمہ صحت صوبہ خیبر پختونخوامحمدعابد مجید نے کہا ہے کہ صوبہ میں پولیوکے کیسوں میں نمایاں کمی خوش آئند ہے تاہم ہمارا ہدف صوبہ سے پولیو کا مکمل خاتمہ ہے جس میں کسی قسم کی کوتاہی ناقابل برداشت ہے۔ انہوں نے ہدایت کی کہ23نومبر سے شروع ہو نے والی انسداد پولیو مہم کی بھر پور کامیابی کے لئے تمام ممکن اقدامات اٹھائے جائیں۔

انہوں نے ان خیالات کا اظہارمنگل کے روز ایمرجنسی آپریشن سنٹرخیبرپختونخوا میں منعقدہ اعلی سطحی اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر ای او سی کوآرڈینیٹر اکبرخان ،صوبہ کے تمام اضلاع کے ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفیسرز، محکمہ صحت، ای پی آئی کے اعلی حکام، عالمی ادارہ اطفال (یو نیسیف ) ، ڈبلیو ایچ او، بی ایم جی ایف اور دیگر معاون اداروں کے نمائند ے بھی موجود تھے۔

(جاری ہے)

اجلاس میںصوبہ میں رواں ماہ کے آخری ہفتے میں شروع ہونے والی انسداد پولیو مہم کے انتظامات کا جا ئزہ لیا گیا اور یہ فیصلہ کیا گیا کہ مہم کو کامیاب بنانے کے لیے تمام ممکن اقدامات اٹھا ئے جائینگے۔ اس موقع پر سیکر ٹری محکمہ صحت محمد عابد مجیدنے کہا کہ یہ امر حوصلہ افزا ہے کہ موثر پولیو مہم کے نتیجے میں پولیو کیسز میں نمایاں کمی آرہی ہے جس سے اس بات کو تقویت ملتی ہے کہ بہت جلد اس موذی مرض کا مکمل خا تمہ ممکن ہو گاتاہم ہمارا ہدف صوبہ سے پولیو کا مکمل خاتمہ ہے۔

انہوں نے اجلاس کے شرکاء پر زور دیا کہ وہ پولیو مہم کو کامیاب بنانے کے لیے اپنا بھر پور کردار ادا کریں ۔ انہوں نے متنبہ کیا کہ پولیومہم کے حوالے سے کسی بھی قسم کی کو تاہی برداشت نہیں کی جا ئے گی ۔ سیکرٹری صحت نے اس بات پر بھی زور دیا کہ پولیو مہم کے سلسلے میں انتظا میہ کے سا تھ مل کرحکمت عملی مرتب کی جائے اور اس حوالے سے رائے عامہ کو ہموار کیا جائے۔

متعلقہ عنوان :