لاہور،فیصل ٹائون کے علاقے میں پولیس اور ڈاکوئوں کے مابین مقابلہ ، ایک ڈاکو ہلاک، دوسرا زخمی حالت میں گرفتار

منگل 15 نومبر 2016 21:52

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 15 نومبر2016ء) فیصل ٹائون کے علاقے میں پولیس اور ڈاکوئوں کے مابین مقابلہ میں ایک ڈاکو ہلاک جبکہ دوسرا ڈاکو زخمی حالت میں گرفتار ہو گیا۔ پولیس نے ہلاک ہونے والے ڈاکو کی نعش کو مردہ خانہ بھیج دیا اور پکڑے جانے والے کے خلاف مقدمہ درج کرکے تفتیش شروع کردی۔ تفصیلات کے مطابق فیصل ٹائون پولیس نے پیر اور منگل کی درمیانی شب اکبر چوک کے قریب ناکہ لگا رکھا تھا۔

(جاری ہے)

موٹرسائیکل سوار مشکوک جوانوں کو رکنے کا اشارہ کیا مگر اُنہوں نے موٹرسائیکل بھگا دی پولیس نے جب ملزمان کا تعاقب کیا تو ملزمان نے پولیس پر اندھا دھند فائرنگ شروع کردی۔ پولیس کی جوابی کارروائی پر سرور نامی ڈاکو موقع پر ہلاک ہو گیا جبکہ اس کا ساتھی شاہ زمان شدید زخمی ہو گیا۔ پولیس نے زخمی ڈاکو کو گرفتار کرکے مقدمہ درج کرلیا۔ ایس ایچ او تھانہ فیصل ٹائون نے کہا ہے کہ گرفتار ہونے والے ڈاکو شاہ زمان سے تفتیش کی جارہی ہے۔ انکشافات متوقع ہیں۔ (سعید)

متعلقہ عنوان :