ضلع کی سطح پر جاری ترقیاتی منصوبوں میں کسانوں اور زمینداروں کی مشاورت اور شرکت کو یقینی بنائیں

پارلیمانی سیکرٹری برائے زراعت زرین ضیاء کی محکمہ زراعت کے افسران اور عملہ کو ہدایت

منگل 15 نومبر 2016 20:38

پشاور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 15 نومبر2016ء)خیبر پختونخوا اسمبلی میں پارلیمانی سیکرٹری برائے زراعت زرین ضیاء نے محکمہ زراعت کے افسران اور عملہ کو ہدایت کی ہے کہ ضلع کی سطح پر جاری ترقیاتی منصوبوں میں کسانوں اور زمینداروں کی مشاورت اور شرکت کو یقینی بنائیں تاکہ زرعی پیداوار میں اضافہ کر کے ملک کو ترقی و خوشحالی سے ہمکنار کیا جاسکے۔

یہ ہدایت انہوں نے پشاور میں محکمہ زراعت سے منسلک اس کے مختلف شعبوں کے سربراہان کے ا جلاس سے خطاب کرتے ہوئے دی۔اجلاس میں سیکرٹری زراعت انجینئر نعیم خان،ایڈیشنل سیکرٹری زراعت شوکت یوسفزئی،ڈائریکٹر جنرل لائیو سٹاک ڈاکٹر شیر محمد،ڈی جی زراعت اقبال حسین،ڈی جی تحقیق زراعت نذیر حسین،ڈائریکٹر جنرل واٹر مینجمنٹ خورشید آفریدی اور دیگر متعلقہ افسران موجود تھے۔

(جاری ہے)

زرین ضیاء نے مزید ہدایت کی کہ تمام شعبے اسمبلی سوالات کے بروقت جوابات جمع کرانے کے معاملے کو بھی سنجیدگی سے نبھائیں تاکہ معززاراکین اسمبلی اداروں کی کارکردگی سے مطمئن ہوں۔اس موقع پر سیکرٹری زراعت انجینئر نعیم خان نے ا فسران پر زور دیاکہ کسی بھی شعبہ میں بدعنوانی،غفلت یا سستی برداشت نہیں کی جائے گی اور کام چور افسران اور اہلکاروں کے خلاف قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔

انہوں نے محکمہ میں خالی اسامیوں کو پر کرنے اور افسران و اہلکاروں کی ترقی سے متعلق رکاوٹوں کو جلد دور کرنے کیلئے ایک خصوصی اجلاس بلانے کی ہدایت کی اور کہا کہ محکمہ زراعت اہم شعبہ ہے جسے جدید خطوط پر استوار کرنا ناگزیر ہے اس لئے زراعت سے وابستہ ماہرین اور محکمہ کے افسران کو تمام تر توانائیاں بروئے کار لاتے ہوئے اس شعبہ کو ترقی سے ہمکنار کرنا چاہیے۔اس موقع پر محکمہ زراعت کے منصوبوں اور اقدامات سے متعلق انہیں بریفنگ بھی دی گئی۔