کراچی‘ سی آئی اے موبائل فونز چھیننے کی وارداتوں و کرمنلز کیخلاف خصوصی مہم کا جلد ہی آغاز کرنے والی ہے

ڈی آئی جی سی آئی اے ڈاکٹر جمیل احمدکی میڈیا سے بات چیت

منگل 15 نومبر 2016 20:36

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 15 نومبر2016ء) ڈی آئی جی سی آئی اے ڈاکٹر جمیل احمد نے کہا ہے کہ سی آئی اے موبائل فونز چھیننے کی وارداتوں و کرمنلز کے خلاف خصوصی مہم کا جلد ہی آغاز کرنے والی ہے ،پولیس کے ساتھ ساتھ عوام بھی موبائل فونز چھیننے کی وارداتوں پر قابو پانے کے لئے اپنا کردار ادا کرتے ہوئے موبائل فونز کے آئی ایم ای آئی (IMEI)نمبر ضرورمحفوظ رکھیں، تاکہ کسی بھی واردات کی صورت میں سی پی ایل سی (CPLC)کی تکنیکی مدد سے کرمنلز کی سرکوبی کی جاسکے اور چھینا گیا موبائل فون بھی برآمد ہوسکے ،وہ اپنے دفتر میں ملاقات کے لئے آئے ہوئے میڈیا نمائندوں سے گفتگو کررہے تھے ۔

ڈی آئی جی سی آئی اے ڈاکٹر جمیل احمد نے کہا کہ سی آئی اے کے تینوں یونٹس سے منتخب کئے گئے سینئر اور تجربہ کار افسران پر مشتمل ٹیمیں تشکیل دی گئی ہیں ،جبکہ اسٹریٹ کرمنلز کے خلاف شہر بھر میں خفیہ نیٹ ورک پھیلا یا جارہا ہے ،یہی نہیں کسی بھی موبائل فون چھیننے کی واردات کی صورت میں مدعی کی جانب سے مکمل کوائف ملتے ہی خفیہ نیٹ ورک نہ صرف حرکت میں آئے گا بلکہ اسٹریٹ کرمنلز کا سراغ لگانے کے لئے تمام حکمت عملی بروئے کار لائی جائے گی ۔

(جاری ہے)

ڈی آئی جی سی آئی اے ڈاکٹر جمیل احمد نے عوام پر زور دیا کہ وہ موبائل فونز چھیننے کی وارداتوں کے بعد موبائل سم بند کراکر اپنی ذمہ داریوں سے سبکدوش ہونا نہ سمجھیں بلکہ ایک ذمہ دار اور فرض شناس شہری کی بنیاد پر اپنے ہی چھینے ہوئے موبائل فون کی برآمد گی اور ملزمان کی گرفتاری کے لئے پولیس سے تعاون کریں اس لئے کہ عوام کی مدد اور ملزمان کے حلئے (شناخت)کے بغیر ملزمان کی گرفتاری میں تاخیر اور دشواری کا سامنا ہوتا ہے،تاہم پولیس اس کے باوجود اپنے نیٹ ورک کے ذریعے کرمنلز کی سرکوبی کے لئے ہمہ وقت الرٹ ہے اور ملزمان کو کسی حالت میں نہ چھوڑے گی اور نہ ہی بخشا جائے گا،ڈی آئی جی سی آئی اے ڈاکٹر جمیل احمد نے کہاکہ سی آئی اے کے تینوں یونٹس اے وی سی سی ،ایس آئی یو اورر اے سی ایل سی اپنے اپنے ٹاسک پر کام کررہی ہے۔

متعلقہ عنوان :