چکوال، ضلع کونسل کی24مخصوص نشستوں پر پرامن پولنگ ، 71 چیئرمین یونین کونسلوں نے اپنا حق رائے دہی استعمال کیا

منگل 15 نومبر 2016 19:24

چکوال(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 15 نومبر2016ء) ضلع کونسل چکوال کی24مخصوص نشستوں پر منگل کے روز پرامن پولنگ ہوئی جس میں 71 چیئرمین یونین کونسلوں نے اپنا حق رائے دہی استعمال کیا۔ ضلع کونسل چکوال کے باہر انتخابی کیمپوں میں امیدواروں کا میلہ لگا رہا۔ اصل مقابلہ ایک کسان نشست پر مسلم لیگ ن کے پارلیمنٹرینز سردار ممتاز ٹمن اور سردار ذوالفقار دلہہ کے امیدوار اقرار حیدر کا مقابلہ معاون خصوصی وزیراعلیٰ پنجاب ملک سلیم اقبال اور صوبائی وزیر ملک تنویر اسلم کے امیدوار ملک فیروز خان کے درمیان تھا۔

ٹیکنو کریٹ کی نشست پر مسلم لیگ ن کے امجد بشیر مرزا ایڈووکیٹ کا مقابلہ مسلم لیگ ق کے ظہیر اسلم ملک کے ساتھ ہے۔ دیگر دو کسان نشستوں پر ملک سلیم رضا اور ملک عرفان کہو ٹ میدان میں ہیں جن کو مسلم لیگ ن نے نامزد کیا ہے۔

(جاری ہے)

پولنگ کے دوران کافی جوش و خروش رہا،15خواتین نشستوں پر بھی بیس امیدواروں کے درمیان مقابلہ ہے۔ مسلم لیگ ن کے رہنما سردار غلام عباس ، ملک اسلم سیتھی اور چیئرمین زکوة وعشر کمیٹی سلطان رضا جامی سرگرم عمل رہے جبکہ دوسری طرف ایم این اے سردار ممتاز ٹمن، ایم پی اے سردار ذوالفقار دلہہ ، ملک نعیم اصغر اعوان سرگرم عمل رہے۔

ایم پی اے چوہدری لیاقت علی خان بیماری کے باوجود حاضری دینے کیلئے آئے۔ پاکستان تحریک انصاف کے پانچ چیئرمینوں اور مسلم لیگ ق کے بھی پانچ چیئرمینوں نے اپنا حق رائے دہی استعمال کیا۔ مسلم لیگ ق ضلع چکوال کے مرکزی رہنما حافظ عمار یاسر نے بھی پولنگ اسٹیشن کا معائنہ کیا۔ تاہم پی ٹی آئی اور مسلم لیگ ق کا علیحدہ کوئی انتخابی کیمپ نہیں تھا۔