جی سی یو نیورسٹی میں اینٹی نارکوٹکس سوسائٹی کا قیام

منگل 15 نومبر 2016 19:17

لاہور۔15 نومبر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 15 نومبر2016ء)تعلیمی اداروں میں منشیات کے خلاف آگاہی اور روک تھام کے لیئے گورنمنٹ کالج یونیورسٹی لاہورکا اینٹی نارکوٹکس سوسائٹی کے قیام کا اعلان۔یہ طلباء سوسائٹی منشیات کے خلاف آگاہی پھیلانے کے ساتھ ساتھ اس کی روک تھام کے لیئے اینٹی نارکوٹکس فورس پنجاب سے تعاون کرے گی۔اس بات کا اعلان گزشتہ روز وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر حسن امیر شاہ نے یونیورسٹی میںمنشیات کے خلاف آگاہی واک سے خطاب کرتے ہوئے کیا،جس میں اینٹی نارکوٹکس فورس پنجاب کے فورس کمانڈر برگیڈیئر خالد محمود گورائیہ اور نامور فنکار و اداکار راشد محمود اور افتخار ٹھاکر نے شرکت کی۔

اس موقع پر جی سی یو شعبہ کیمیاء کے صدر پروفیسر ڈاکٹر عدنان احمد اور رجسٹرار صبور خان بھی موجود تھے۔

(جاری ہے)

اس موقع پر برگیڈیئر خالد محمود گورائیہ کا کہنا تھا کہ تعلیمی اداروں بالخصوص پرائیویٹ کالجز اور یونیورسٹیوں میں طلباء وطالبات میں منشیات کا استعمال بڑھ رہا ہے۔اس لڑائی میں اے این ایف کو طالبعلموں کا بھی تعاون درکار ہے۔افتخار ٹھاکر نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ منشیات ہمارے دماغ میں موجود لبریکنٹس کو تباہ کر دیتی ہے اور اس طرح یہ مختلف بیماریوں کو سبب بنتی ہیں۔اداکار راشد محمود نے بتایا کہ منشیات کی لعنت سے ہماری نوجوان نسل ملک کی ترقی میں نمایاں کردار اد اکرنے سے قاصر ہے۔