چیئر پرسن بینظیر انکم سپورٹ پروگرام ماروی میمن کا پنو عاقل میں بی آئی ایس پی سروے کے رجسٹریشن ڈیسک کا دورہ

بی آئی ایس پی کے نئے غربت سروے کے تحت اب تک 1,48,345 خاندانوں کا اندراج کیا جاچکا ہے، ماروی میمن

منگل 15 نومبر 2016 19:09

چیئر پرسن بینظیر انکم سپورٹ پروگرام ماروی میمن کا پنو عاقل میں بی آئی ..
سکھر۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 15 نومبر2016ء) وزیر مملکت و چیئرپرسن بینظیر انکم سپورٹ پروگرام ماروی میمن نے منگل کے روز پنو عاقل کا دورہ کیا جہاں انہوں نے ٹائون کمیٹی سینٹر میں بی آئی ایس پی کے نئے غربت سروے کے رجسٹریشن ڈیسک کا معائنہ کیا۔ انہوں نے رجسٹریشن کے طریقہ کار کا مشاہدہ کیا اور وہاں موجود لوگوں کی رائے جاننے کیلئے ان سے بات چیت کی۔

سروے کے ابتدائی مرحلے کا آغاز جون میں ہری پور سے کیا گیا جس کے بعد ستمبر میں بہاولپور اور سکھر جبکہ اکتوبر میں نصیر آباد میں سروے کیا گیا۔ ان اضلاع میں ڈیسک رجسٹریشن کے طریقہ کار کو اپنایا جارہا ہے۔بی آئی ایس پی نے ان اضلاع میں اب تک 1, 48,345 خاندانوں کو رجسٹرڈ کیا ہے۔ اب تک ہر ی پور میں 48,890، بہاولپور میں 63,657، سکھر میں 24,935 اور نصیر آباد میں 10,863 خاندانوںاندراج ہوچکا ہے۔

(جاری ہے)

سکھر کے 36مراکز میں 113کائونٹرزقائم ہیں جو 89,249 خاندانوں کے اعدادو شمار کا اندراج کرسکتے ہیں۔ پنو عاقل کے 12مراکز میں 32کائونٹرز قائم ہیں جو 52,364 خاندانوں کے اعدادوشمار کا اندراج کرسکتے ہیں اور ان میں 6,122 خاندانوں کا اندراج کیا جاچکا ہے۔ ا س موقع پر ، چیئرپرسنبینظیر انکم سپورٹ پروگرام نے کہا کہ مستحق افراد کی نشاندہی اور انکے انتخاب کے حوالے سے بی آئی ایس پی کا شمار دنیا کے پانچ بہترین سوشل سیفٹی نیٹس میں ہوتا ہے۔

ہم قومی سماجی و اقتصادی رجسٹری کے اندراج سے اسے اول نمبر بنانے کیلئے کوشاں ہیں۔ انہوں نے کہا NSER ایک اہم قومی اثاثہ ہے جو بی آئی ایس پی کے علاوہ مختلف سرکاری محکموںکے تعاون سے معاونت، پیشہ ورانہ تربیت،مائیکرو فنانس، تعلیم اور صحت کے فلاحی پروگراموں کی ڈیزائننگ کیلئے کام کررہا ہے۔سروے کیلئے ڈیسک رجسٹریشن اور گھر گھر سروے کے طریقہ کار کو اپنایا گیا ہے تاکہ کوئی مستحق گھرانہ سروے میں شامل ہونے سے نہ رہ جائے۔

ابتدائی مرحلے میں پاکستان کے 16اضلاع میں سروے کیا جائے گا۔ دسمبر 2016سے جن 12اضلاع میں گھر گھر سروے کا آغاز کیا جائے گا ان میں جیکب آباد، ٹھٹھہ، مہمند ایجنسی، گلگت، میر پور،لیہ، چکوال، فیصل آباد، کچھ، قلعہ سیف اللہ، لکی مروت اور چارسدہ شامل ہیں۔ مارچ 2017کے اختتام پرسروے کا ابتدائی مرحلہ مکمل کرلیا جائے گا۔ جولائی 2017سے ملک گیر سروے کی سرگرمیوں کا آغاز کیا جائے گا۔

مارچ 2018تک سروے مکمل کرلیا جائیگا۔دورے کے دوران، چیئرپرسن بی آئی ایس پی نے امن و امان کے حوالے سے مقامی حکومت کے تعاون پر زور دیا اور کہا کہ سماجی تحریک سروے کی تکمیل کیلئے بہت اہم ہے۔رجسٹریشن سائٹ پر دورے کے دوران، چیئرپرسن بی آئی ایس پی نے متعلقہ حکام کو اندراج کے عمل میں لوگوں کی معاونت کرنے کی ہدایت کی۔ انہوں نے لوگوں کو مطلع کیا کہ کسی بھی شکایت کی صورت میں بی آئی ایس پی کے ہاٹ لائن نمبر 0800-26477پر رابطہ کریں۔

متعلقہ عنوان :