وزیر اعلیٰ پنجاب شہباز شریف کابرداشت اوررواداری کے فروغ کے عالمی دن کے موقع پر پیغام

منگل 15 نومبر 2016 19:01

وزیر اعلیٰ پنجاب شہباز شریف کابرداشت اوررواداری کے فروغ کے عالمی دن ..
لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 15 نومبر2016ء) وزیر اعلیٰ پنجاب محمد شہباز شریف نے برداشت اوررواداری کے فروغ کے عالمی دن کے موقع پر اپنے پیغام میں کہا ہے کہ دین اسلام ،رواداری،برداشت اوراخوت کے رویوں کو فروغ دینے پر زوردیتا ہے۔ معاشرے میں عدم برداشت کے رویوں کے باعث بگاڑ پیدا ہوتا ہے لہٰذاموجودہ وقت کا تقاضا ہے کہ معاشرے میںرواداری و برداشت کی اہمیت و افادیت کو بھر پورانداز سے اجاگرکیا جائے۔

(جاری ہے)

وزیر اعلیٰ نے کہا کہ یہ دن منانے کا بنیادی مقصد معاشرے میں برداشت، رواداری اورصبر و تحمل کی اہمیت کو اجاگر کرنا ہے۔ انہوں نے کہا رواداری ،تحمل اوراخوت کے جذبات کو فروغ دے کر پرامن معاشرہ تشکیل دیاجاسکتا ہے ۔جمہوری رویوں کو تقویت دینے سے بھی برداشت و رواداری کے جذبات کو فروغ دیا جاسکتا ہے۔ وزیر اعلیٰ نے کہا کہ معاشرے میں رواداری کے جذبات کو پروان چڑھانے کیلئے اس کی اہمیت سے آگاہی دینا ضروری ہے ۔تعلیمی ادارے،جامعات اور دینی مدارس ،برداشت اورتحمل کے رجحان کو پروان چڑھانے میں اہم کردار ادا کر سکتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ آج کے دن ہمیں ہر قسم کے تعصب کو ختم کرنے اور برداشت و رواداری کو فروغ دینے کیلئے اپنا بھرپور کردار کرنے کے عزم کا اظہار کرناہے ۔