انفرادی رویوں اور سوچ کی تبدیلی سے ہی پر امن ، بدعنوانی سے پاک مثالی معاشرے کی داغ بیل ڈالی جا سکتی ہے، کرپشن کے تدارک کے لیے بنائے گئے اداروں کی موجودگی کے باوجود کرپشن میں بڑے پیمانے پر کمی نہ آنے کی بنیادی وجہ عوام کا ان اداروں کے ساتھ عدم تعاون ہے

جوائنٹ ڈائریکٹر کالجز ربابہ حمید درانی اور ڈائریکٹر نیب بلوچستان عبدالحفیظ صدیقی

منگل 15 نومبر 2016 18:44

کوئٹہ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 15 نومبر2016ء) جوائنٹ ڈائریکٹر کالجز ربابہ حمید درانی اور ڈائریکٹر نیب بلوچستان عبدالحفیظ صدیقی نے کہاہے کہ انفرادی رویوں اور سوچ کی تبدیلی سے ہی پر امن ، بدعنوانی سے پاک مثالی معاشرے کی داغ بیل ڈالی جا سکتی ہے‘ کرپشن کے تدارک کے لیے بنائے گئے اداروں کی موجودگی کے باوجود کرپشن میں بڑے پیمانے پر کمی نہ آنے کی بنیادی وجہ عوام کا ان اداروں کے ساتھ عدم تعاون ہے۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے جوائنٹ ڈائریکٹر کالجز ربابہ حمید درانی اور ڈائریکٹر نیب بلوچستان عبدالحفیظ صدیقی نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے نیب بلوچستان کے زیر اہتمام ضلع کوئٹہ کے انٹر کالجز تقریری مقابلوں کی گورنمنٹ گرلز انٹر کالج سیٹلائٹ ٹاؤن میں منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئی کہی۔

(جاری ہے)

جوائنٹ ڈائریکٹر کالجز ربابہ حمید درانی نے طلباء کے کرپشن کے خاتمے کے لیے جذبات کو سراہتے ہوئے کہا کہ خود احتسابی کے عمل سے ہی معاشرے میں مثبت تبدیلی کی امید باندھی جا سکتی ہے۔

انہوں نے طلباء پر زور دیا کہ وہ اپنی روزمرہ زندگی میں کرپشن سے اجتناب برتیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ بغیر اجازت کسی کی معمولی چیز استعمال کرنے کو برا نہیں سمجھا جاتا حالانکہ یہ بھی کرپشن کے زمرے میں آتا ہے‘ مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے افراد کا اپنی ذمہ داریوں سے پہلوتہی کرنا دراصل کرپشن کو فروغ دینے کے مترادف ہے۔ ڈائریکٹر نیب بلوچستان عبدالحفیظ صدیقی نے طلباء و طالبات کے فن خطابت کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ تقریری مقابلوں کے شرکاء نے بدعنوانی کے خلاف بیزاری کا اظہار کر کے یہ پیغام دیا ہے کہ وہ بھی معاشرے میں امن ، خوشحالی اور دیانت داری کا دوام چاہتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ کرپشن کے تدارک کے لیے بنائے گئے اداروں کی موجودگی کے با وجود کرپشن میں واضح کمی نہ ہونے کی وجہ عوام الناس کی کرپشن کی روک تھام کے اداروں کے ساتھ عدم تعاون ہے۔ آج اگر ہر پڑھا لکھا ذمہ دار شہری بدعنوانی کے خلاف احتساب اداروں کا معاون بن جائے تو وہ دن دور نہیں کہ کرپشن کا خاتمہ ہو سکے گا۔ انہوں نے نیب قوانین کا حوالہ دیتے ہوئے واضح کیا کہ نئی نسل کے لیے شروع کی گئی قومی احتساب بیورو کی آگاہی مہم کی بدولت آئندہ چند سالوں میں کرپشن کا قلع قمع ہو جائے گا۔

قبل ازیں پرنسپل گرلز کالج سٹیلائیٹ ٹاؤن کوئٹہ مس نگہت اور ڈپٹی ڈائریکٹر پلاننگ اینڈ ڈویلپمنٹ کالجز عبدالواحد کاکٹر نے بھی تقریب سے خطاب کیا۔ پروگرام کے آخر میں کامیاب طلباء طالبات میں انعامات تقسیم کئے گئے۔

متعلقہ عنوان :