نیشنل ایکشن پلان پر عملدرآمد بارے مظفرآباد انتظامیہ حرکت میں آگئی ‘بغیر نمبر پلیٹ رکشہ اور رکشہ فروخت کرنے والے ڈیلرز کیخلاف سخت کارروائی کا فیصلہ ‘ایک ہفتہ کے اندر رکشہ پر نمبر پلیٹ لگوانے کا حکم

منگل 15 نومبر 2016 17:28

مظفرآباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 15 نومبر2016ء) نیشنل ایکشن پلان پر عملدرآمد کے حوالے سے مظفرآباد انتظامیہ حرکت میں آگئی ۔بغیر نمبر پلیٹ رکشہ اور رکشہ فروخت کرنے والے ڈیلرز کے خلاف سخت کارروائی کا فیصلہ ۔ایک ہفتہ کے اندر رکشہ پر نمبر پلیٹ نصب کروائیں ۔اگر کوئی ڈیلر بغیر نمبر پلیٹ رکشہ سیل کر ے گا تو اس کا شو روم بند کر دیا جائے گا۔

ان خیالات کا اظہار ایس ایس پی مظفرآباد سید ریاض حیدر بخاری نے شوروم مالکان کے ساتھ ہونیوالی اہم میٹنگ میں کیا ۔انہوں نے کہا کہ شہر کے اندر اس وقت کرائم کی وارداتوں میں بغیر نمبر پلیٹ رکشہ استعمال ہو رہے ہیں اور بغیر نمبر پلیٹ رکشہ والے اکثر حادثہ کے بعد بھاگ جاتے ہیں ۔انہیں تلاش کرنے میں پولیس کو دشواری کا سامنا کرنا پڑتا ہے ۔

(جاری ہے)

اس کے علاوہ بھی سیکیورٹی کے حوالہ سے بغیر نمبر پلیٹ رکشہ کی وجہ سے مسائل پیدا ہو رہے ہیں اور شہری ٹریفک بھی بری طرح متاثر ہورہی ہے ۔ان تمام مصروفیات کو سامنے رکھتے ہوئے اب سخت اقدامات کا فیصلہ کیا گیا ہے ۔اور تمام شو روم مالکان کو آگاہ کیا جا رہا ہے کہ وہ ایک ہفتہ کے اندر اندر فروخت شدہ اور نئے رکشوں کی نمبر پلیٹ لگوانے کے ذمہ دار ہیں ۔اگر کسی شو روم مالک نے بغیر نمبر پلیٹس رکشہ سیل کیا تو اس کی دکان سیل کر دی جائے گی ۔اس سلسلہ میں کوئی کمی کوتاہی نہیں برتی جائے گی ۔