وزیر اعظم راجہ فاروق حیدر کی زیر صدارت لائن آف کنٹرول پر بھارت کی نہتے عوام پر گولہ باری سے جانی ومالی نقصان کا جائزہ ‘متاثرین کی بحالی ، آزاد کشمیر میں بڑے ترقیاتی منصوبے شروع ‘ جاری منصوبوں کی جلد تکمیل اور نارمل میزانیہ میں حکومت آزاد کشمیر کو درپیش مالی خسارہ پورا کرنے کیلئے اعلیٰ سطحی اجلاس کا انعقاد

منگل 15 نومبر 2016 17:27

وزیر اعظم راجہ فاروق حیدر کی زیر صدارت لائن آف کنٹرول پر بھارت کی نہتے ..
مظفرآباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 15 نومبر2016ء) لائن آف کنٹرول پر بھارت کی جانب سے نہتے عوام پر گولہ باری سے جانی ومالی نقصان کا جائزہ لینے، متاثرین کی بحالی ، آزاد کشمیر میں بڑے ترقیاتی منصوبے شروع کرنے ، جاریہ منصوبوں کی جلد تکمیل اور نارمل میزانیہ میں حکومت آزاد کشمیر کو درپیش مالی خسارہ پورا کرنے کیلئے اعلیٰ سطحی اجلاس آج یہاںمظفرآباد میں منعقد ہوا۔

اجلاس کی صدارت وزیر اعظم آزاد حکومت ریاست جموں و کشمیر راجہ محمد فاروق حیدر خان اور وزیر امور کشمیر چوہدری برجیس طاہر نے کی ۔ اجلاس میں چیف سیکرٹری آزاد کشمیر سکندر سلطان راجہ، ایڈیشنل چیف سیکرٹری (ترقیات) ڈاکٹر سید آصف حسین شاہ، جوائنٹ سیکرٹری وزارت امور کشمیر کے علاوہ ترقیاتی محکموں کے سیکرٹری صاحبان اور دیگر متعلقہ حکام نے شرکت کی ۔

(جاری ہے)

اجلاس میں چیف سیکرٹری سکندر سلطان راجہ ، ایڈیشنل چیف سیکرٹری (ترقیات) ڈاکٹر سید آصف حسین شاہ اور سیکرٹری اسٹیٹ ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی ظہیر الدین قریشی نے کنٹرول لائن کی صورتحال ، متاثرین کی بحالی اور آزاد کشمیر میں ترقیاتی منصوبوں کی تکمیل کے حوالہ سے بریفنگ دی۔ اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ متاثرین کی بحالی کیلئے ہر ممکن اقدامات کیے جائیں گے ، شہداء کے ورثاء اور زخمیوں کی مالی امدا د کی جائیگی اور ان کے مالی نقصانات کے ازالہ کیلئے بھرپور اقدامات کیے جائیں گے۔

اجلاس میں یہ بھی فیصلہ کیا گیا کہ آزاد کشمیر میں وزیر اعظم پاکستان میاں نواز شریف کے ویژن کے مطابق نئے میگا ترقیاتی منصوبہ جات شروع کیے جائیں گے اور جاریہ ترقیاتی منصوبہ جات کی جلد تکمیل کیلئے فنڈز کی فراہمی کو یقینی بنایا جائیگا۔ اجلاس میں فیصلہ کیاگیا کہ گزشہ حکومت کی طرف سے نارمل میزانیہ میں حکومت آزاد کشمیر کو جو مالی خسارہ درپیش ہے اس کو حکومت پاکستان جلد پورا کرنے کیلئے اقدامات کریگی۔

اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے وزیر اعظم آزاد کشمیر راجہ محمد فاروق حیدر خان نے کہاکہ پاکستان ہماری امیدوں اور آرزئوں کا مرکز اور دنیا میں ہمارا وکیل ہے ۔ ہماری قربانیوں اور تحریک کی منزل پاکستان ہے ۔ انہوں نے کہا کہ لائن آف کنٹرول پر جارحیت ہمارے حوصلے پست نہیں کر سکتی۔ آزاد کشمیر کے عوام وطن عزیز کے دفاع ، استحکام اور سلامتی کیلئے صف اول کا کردار ادا کررہے ہیں ۔

انہوں نے کہاکہ مقبوضہ کشمیر میںکشمیر ی عوام جرات ، دلیری اور عزم صمیم سے جس طرح بھارتی مظالم کا مقابلہ کررہے ہیں اس کی مثال دنیا میں ملنی مشکل ہے ۔ بھارتی فوج نفسیاتی طور پر نہتے کشمیریوں کے جذبہ کے سامنے شکست کھا چکی ہے اور اس وقت مکمل طور پر بوکھلاہٹ کا شکار ہے ۔ انہوں نے کہا کہ آزاد کشمیر کے اندر میاں محمد نواز شریف کی رہنمائی میں تعمیر و ترقی ، عوامی خدمت اور کفایت شعاری کے ویژن کو آگے بڑھا رہے ہیں ۔

لائن آف کنٹرول پر شہید ہونے والوں پر ہمیں فخر ہے ۔ پاک فوج ملک کے چپے چپے کے دفاع کی بھرپور صلاحیت رکھتی ہے ۔ دشمن کو خبردار کرتے ہیں کہ اگر اس نے پاک سرزمین کی طرف میلی آنکھ سے دیکھا تو تباہی اس کا مقدر ہوگی۔ وزیر اعظم نے کہا کہ لائن آف کنٹرول پر بسنے والے شہریوں کے حوصلے بلند ہیں اور وہ بھارتی جارحیت سے خوفزدہ ہونے والے نہیں ۔

انہوں نے کہا کہ آزاد کشمیر کی تعمیر و ترقی مسلم لیگ ن کی حکومت کی ترجیحات میں شامل ہے ۔ عوامی فلاحی منصوبوں کی بروقت اور معیاری تکمیل کو یقینی بنایاجائیگا۔ وزیر اعظم پاکستان کے ویژن کے مطابق آزاد کشمیر میں تعمیر و ترقی کا عمل جاری رکھیں گے اورنئے میگا پراجیکٹس شروع کریں گے وزیر امور کشمیر چوہدری محمد برجیس طاہر نے کہا کہ لائن آف کنٹرول کے متاثرین کے ساتھ اظہار یکجہتی کیلئے مظفرآباد آیا ہوں ،ہر مشکل وقت میں متاثرین کے ساتھ کھڑے رہیں گے ۔

انہوں نے کہا کہ آزاد کشمیر حکومت کو فنڈز کی فراہمی یقینی بنائی جائے گی اور سابقہ بقایا جات کی ادائیگی کیلئے بھی فنڈز فراہم کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ کشمیر کونسل کے جملہ معاملات وزیر اعظم آزاد کشمیر کی صوابدید پر ہیں ۔ راجہ فاروق حیدر خان ہم سب کے وزیر اعظم ہیں ان کے ہاتھ مضبوط کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ کشمیر کا پیسہ کسی صورت کشمیر سے باہر خرچ نہیں ہونے دیں گے ۔

آزاد کشمیر کو مطلوبہ فنڈز بروقت فراہم کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ کشمیری عوام کے حوصلے بلندہیں وہ بھارتی جارحیت سے خوفزدہ نہیں ہونگے۔ کشمیر اور پاکستان لازم و ملزوم ہیں ، کشمیریوں کی اخلاقی ، سیاسی اور سفارتی حمایت جاری رکھیں گے ۔ بھارت زیادہ دیر تک کشمیریوں کی حق خود ارادیت کی تحریک نہیں دبا سکتا۔ انہوں نے کہا کہ لائن آف کنٹرول پر بھارتی فوج کی بلا اشتعال فائرنگ سے شہید اور زخمی ہونے والوں کے خاندانوں کو پوری قوم کی طرف سے یکجہتی کا یقین دلاتا ہوں ۔مشکل کی اس گھڑی میں حکومت پاکستان اور پاکستانی قوم ان کے ساتھ کھڑی ہے ۔

متعلقہ عنوان :